آج نرسوں کا عالمی دن!

کراچی: پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج نرسوں کا عالمی دن منایا جارہا ہے۔ نرسنگ، یعنی تیمارداری ایسا پیشہ ہے جس میں صحت کے حصول اور پھر اس صحت کو برقرار رکھنے کے لیے افراد، خاندانوں اور آبادیوں کی مدد و معاونت کی جاتی ہے۔
پاکستان میں نرسنگ کے شعبے کی بنیاد بیگم رعنا لیاقت علی خان نے رکھی۔ 1949 میں سینٹرل نرسنگ ایسوسی ایشن اور 1951 میں نرسز ایسوسی ایشن کا قیام عمل میں آیا مگر المیہ کہ پاکستان کی نرسیں آج بھی لاتعداد مسائل کا شکار ہیں۔
نرسوں کے عالمی دن کے موقع پر صوبائی وزیر عذرا پیچوہو نے کہا ہے کہ عالمی ادارہ صحت نے 2020 کو نرسوں کا عالمی سال قرار دیا ہے اور نرسنگ کے عالمی دن پر اس شعبے میں کام کرنے والا عملہ خراج تحسین کا مستحق ہے۔
صوبائی وزیر صحت کا کہنا تھا کہ آئیں ہم نرسز کے ساتھ ان کی آواز میں آواز ملائیں کیونکہ ایک نرس کی آواز دنیا کو صحت کی طرف راغب کرتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کورونا وبا جیسے مشکل حالات میں بھی نرسنگ اسٹاف خوش اسلوبی اور ایمان داری سے اپنے فرائض سرانجام دے رہا ہے اور نرسز کو تحفظ اور بلند مقام کا احساس دلانا ہمارا فرض ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔