توشہ خانہ ریفرنس، زرداری عدالت پیش، 9 ستمبر کو فرد جرم عائد ہوگی!
اسلام آباد: سابق صدر آصف زرداری توشہ خانہ ریفرنس میں احتساب عدالت پیش ہوگئے۔
توشہ خانہ ریفرنس کی سماعت احتساب عدالت اسلام آباد میں ہوئی تو سابق صدر آصف زرداری احتساب عدالت میں پیش ہوئے۔ انہوں نے کورونا سے بچاؤ کے لیے فیس شیٹ اوراین 95 ماسک پہنا ہوا تھا۔
زرداری گزشتہ سال 12 دسمبر کو رہائی کے بعد پہلی دفعہ احتساب عدالت پیش ہوئے ہیں۔ اس موقع پر اسلام آباد پولیس نے احتساب کورٹ کے سخت سیکیورٹی انتظامات کیے اور ایک ہزار سے زائد پولیس افسران اور جوانوں نے سیکیورٹی کے فرائض سرانجام دیے۔
احتساب عدالت نے آصف زرداری سمیت دیگر ملزمان پر 9 ستمبر کو فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔
عدالت نے آصف زرداری، یوسف رضا گیلانی، عبدالغنی مجید اور انور مجید کو فرد جرم کے لیے 9 ستمبر کو طلب کرلیا۔ عدالت نے آصف زرداری کو آئندہ سماعت پر استثنیٰ دینے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ملزم خود پیش ہو۔
علاوہ ازیں احتساب عدالت نے توشہ خانہ ریفرنس میں نوازشریف کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی موخر کردی۔
سابق وزیراعظم نواز شریف توشہ خانہ ریفرنس میں عدالتی کارروائی کا حصہ بن گئے اور احتساب عدالت میں آج کی سماعت ملتوی کرنے کی درخواست دائر کردی۔
سابق وزیراعظم نواز شریف کے وکیل بیرسٹر جہانگیر جدون عدالت میں پہنچے اور درخواست دائر کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں احتساب عدالت کی کارروائی کو چیلنج کیا ہے جس کے فیصلے کا انتظار کیا جائے۔
احتساب عدالت نے نوازشریف کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی 25 اگست تک روکتے ہوئے نواز شریف کی حد تک آج کی سماعت ملتوی کرنے کی درخواست منظور کرلی۔