سندھ مدرسۃ الاسلام کے بانی حسن آفندی کے پوتے کو قتل کردیا گیا

کراچی: بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی مادر علمی سندھ مدرسۃ الاسلام کے بانی حسن علی آفندی کے پوتے زین علی آفندی کو کراچی میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر قتل کردیا گیا۔
پولیس کے مطابق واقعہ گزشتہ رات گئے پیپلز چورنگی کے قریب گھر میں پیش آیا، جہاں نامعلوم ملزمان ڈکیتی کی نیت سے گھر میں داخل ہوئے اور مزاحمت پر زین علی آفندی کو قتل کردیا۔
پولیس نے بتایا کہ ملزمان جاتے ہوئے گھر سے قیمتی سامان بھی لے گئے جب کہ واقعے میں جاں بحق شخص زین علی آفندی سندھ مدرسۃ الاسلام کے بانی حسن علی آفندی کے پوتے ہیں۔
نجی ٹی وی نے واقعے میں ملوث ملزمان کی تصاویر حاصل کرلی ہیں جس کے مطابق ملزمان شلوار قمیص اور جوگرز پہنے تھے اور گھر کے باہر کار سے اترے۔
پانچ ملزمان رات 3 بج کر 25 منٹ پر گھر میں داخل ہوئے اور 55 منٹ تک گھر میں موجود رہے، مبینہ طور پر لوٹ مار کی۔
پولیس کے مطابق مسلح ملزمان نے مزاحمت پر زین آفندی کو گولیاں ماریں جب کہ گھر میں موجود ملازم کو رسیوں سے باندھ دیا گیا تھا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے میں ملوث ملزمان کا وائٹ کرولا گینگ سے تعلق ہے۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے نوٹس لیتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی سے رپورٹ طلب کرلی۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔