یوٹیوبر رجب بٹ کا وہیل چیئر پر عمرہ، صارفین کی شدید تنقید

لاہور: یوٹیوبر رجب بٹ جہاں اپنے متنازع بیانات کی وجہ سے تنقید کی زد میں رہتے ہیں، ان دنوں مشکل دور سے گزر رہے ہیں۔ حال ہی میں ان پر 295 نامی پرفیوم لانچ کرنے پر مقدس جذبات کو مجروح کرنے کا الزام عائد ہوا تھا، جس کے بعد وہ سعودی عرب پہنچ گئے اور عمرہ ادا کرنے لگے۔ تاہم، ان کا یہ سفر بھی تنقید سے نہیں بچ سکا۔
رجب بٹ اور ان کے خاندان کو صفا اور مروہ کی سعی کرتے ہوئے وہیل چیئرز پر بیٹھے دیکھا گیا۔ چونکہ وہ اور ان کے تمام فیملی ارکان جوان اور صحت مند نظر آرہے تھے، اس لیے سوشل میڈیا پر یہ سوال اٹھایا جارہا ہے کہ کیا واقعی انہیں وہیل چیئرز کی ضرورت تھی؟
سوشل میڈیا پر رجب بٹ کی عمرہ ادائیگی کی پوسٹ پر صارفین نے نہایت تنقیدی تبصرے کیے ہیں۔ ایک صارف نے لکھا کیا یہ سب معذور ہیں؟ جب کہ ایک اور صارف نے رائے کا اظہار کیا کہ صحت مند اور جوان افراد وہیل چیئر کا استعمال کیوں کررہے ہیں؟ کیا یہ عمرہ کی سہولت کا غلط استعمال نہیں؟
ایک صارف کا کہنا تھا کہ اگر آپ چل سکتے ہیں تو وہیل چیئر پر کیوں بیٹھے ہیں؟ یہ دوسرے عمرہ زائرین کے لیے مشکلات پیدا کرنے کے مترادف ہے۔
صارفین نے سوال اٹھایا کہ ویسے تو دنیا گھوم رہے ہیں لیکن جہاں دین کے لیے چلنا پڑا تو وہیل چیئر لے لی۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔