صوابی میں لڑکی بن کر ٹک ٹاک بنانے والا نوجوان گرفتار

صوابی: خیبرپختون خوا کے ضلع صوابی میں ایک نوجوان کی حقیقت اس وقت کھل کر سامنے آگئی جب وہ سوشل میڈیا ایپ ٹک ٹاک پر لڑکیوں کا لباس پہن کر ویڈیوز بنا رہا تھا۔ پولیس کے مطابق، مذکورہ نوجوان عبدالمغیز خواتین جیسا میک اپ، زیور اور لباس استعمال کرکے مختلف نازیبا پوز میں ویڈیوز بناتا تھا اور انہیں سوشل میڈیا پر وائرل کرتا تھا، جس سے مقامی سطح پر شدید غم و غصہ اور سماجی بے چینی پیدا ہوگئی تھی۔
پولیس ترجمان لیاقت علی نے بتایا کہ متعدد شہریوں کی شکایات موصول ہونے کے بعد چوکی بام خیل نے فوری کارروائی کرتے ہوئے عبدالمغیز کو گرفتار کرلیا۔ ملزم کے موبائل فون سے نازیبا ویڈیوز اور مواد بھی برآمد کرلیا گیا، جس کی بنیاد پر اس کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش کا آغاز کردیا گیا ہے۔
ترجمان کے مطابق عبدالمغیز نے ابتدائی تفتیش میں اعتراف جرم کرتے ہوئے وعدہ کیا ہے کہ آئندہ ایسی کسی غیراخلاقی سرگرمی میں ملوث نہیں ہوگا۔ پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی غیراخلاقی اور گمراہ کن سرگرمیوں کے خلاف بروقت اطلاع دیں، تاکہ معاشرے میں امن، اخلاقیات اور اقدار کا تحفظ یقینی بنایا جاسکے۔
ذرائع کے مطابق، یہ واقعہ نہ صرف مقامی سطح پر بلکہ سوشل میڈیا پر بھی زیر بحث ہے، جہاں بہت سے صارفین نے اس عمل کو سستی شہرت حاصل کرنے کا ذریعہ قرار دیا ہے۔ پولیس اس حوالے سے سوشل میڈیا پر دیگر مشتبہ اکاؤنٹس کی بھی نگرانی کررہی ہے، تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کی جاسکے۔