انگلینڈ سے سیریز: بھرپور محنت کررہا ہوں، گگلی اہم ہتھیار ہوگا، یاسر شاہ
کراچی: ٹیسٹ اسپنر یاسر شاہ کا کہنا ہے کہ انگلینڈ کے خلاف سیریز کے لیے وہ بھرپور محنت کررہے ہیں اور سیریز میں گگلی ان کا اہم ہتھیار ہوگا۔
ووسٹر سے میڈیا سے آن لائن گفتگو میں 34 سالہ اسپنر نے اعتراف کیا کہ گزشتہ چند مقابلوں میں ان کی کارکردگی وہ نہیں رہی جو 2018 تک تھی، انجری کی وجہ سے ان کا ردھم متاثر ہوا تھا لیکن آخری ٹیسٹ میں اچھی پرفارمنس سے اعتماد ملا اور امید ہے کہ انگلینڈ میں ایک ماہ میں مزید تیاریاں کرکے سیریز میں اچھا پرفارم کرنے کی کوشش کریں گے۔
پاکستان کے لیے 39 ٹیسٹ میچز میں 213 وکٹیں حاصل کرنے والے یاسر شاہ نے کہا کہ وہ اس بار 2016 والی کارکردگی دہرانے کی کوشش کریں گے، اچھی بات یہ ہے کہ اس وقت بھی مشتاق احمد ٹیم کے ساتھ تھے اور اس بار بھی مشتاق احمد ہی ساتھ ہیں، وہ ان سے بہت کچھ سیکھنے کی کوشش کررہے ہیں، گگلی اور ایکشن پر بہت کام کیا ہے اس لیے امید ہے کارکردگی میں فرق نظر آئے گا۔