شوہر کی دوسری شادی نہ کروانے والی کو جیل میں ڈالا جائے، یاسر نواز
کراچی: اداکار، ہدایت کار اور پروڈیوسر یاسر نواز نے حکومت پاکستان سے دلچسپ اور انوکھے قانون کا تقاضا کیا ہے۔
حال ہی میں یاسر نواز، اُن کی اہلیہ ندا یاسر اور بھائی دانش تیمور کے پوڈکاسٹ کی نئی قسط جاری ہوئی، جس میں اداکار مانی نے بطورِ مہمان شرکت کی۔
پوڈکاسٹ میں مانی نے کہا کہ پاکستان سمیت دُنیا بھر میں مہنگائی بڑھتی جارہی ہے، بڑھتی مہنگائی کے اس دور میں کوئی بھی مرد دوسری شادی کرنے کا نہیں سوچ سکتا۔
اس بات پر ردعمل دیتے ہوئے یاسر نواز نے کہا کہ میری تو خواہش ہے کہ ہماری حکومت ایسا قانون لائے جس کے تحت بیوی ہر پندرہ سال کے بعد اپنے شوہر کی نئی شادی کروائے۔
یاسر نواز نے مزید کہا کہ قانون میں یہ بھی شامل ہو کہ اگر کوئی بیوی اپنے شوہر کی نئی شادی نہیں کروائے گی تو اُسے جیل میں ڈال دیا جائے گا۔
شوہر کی بات سُن کر ندا یاسر نے کہا کہ آپ اسی طرح ہر انٹرویو میں دوسری شادی کا ذکر کرکے اپنی خواہش کا اظہار کرتے ہیں، آپ صرف باتیں ہی کرسکتے ہیں۔
یاسر نواز نے کہا کہ میں اپنی دوسری شادی کی بات نہیں کررہا بلکہ حکومت کو مشورہ دے رہا ہوں جس پر مانی نے کہا کہ حکومت کے جو کام ہیں، وہ تو کر نہیں پارہی، یہ کام کیسے کرے گی؟ اس پر یاسر نواز نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ حکومت یہ کام کرلے گی۔