پاکستان عالمی اسکواش فیڈریشن کے سالانہ عام اجلاس اور کانفرنس کی میزبانی کرے گا

اسلام آباد: کھیلوں کی دنیا سے پاکستان کے لیے ایک اچھی خبر آئی ہے۔ عالمی اسکواش فیڈریشن کی 51 ویں سالانہ جنرل میٹنگ اور کانفرنس برائے سال 2021 کی میزبانی پاکستان کو مل گئی ہے۔

ورلڈ اسکواش فیڈریشن کی صدر نے کہا ہے کہ پاک فضائیہ اور سیرینا ہوٹل کے اشتراک سے یہ کانفرنس دارالحکومت اسلام آباد میں منعقد ہوگی۔ کانفرنس کا انعقاد 24 تا 28 نومبر کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اسکواش کے کھیل میں پاکستان کو ایک بہت اہم مقام حاصل ہے۔

مس زینا وولڈریج نے کہا کہ سابق عالمی نمبر ونز اور عالمی چیمپئینز کا تعلق پاکستان سے ہے۔ ورلڈ اسکواش فیڈریشن کی سالانہ جنرل میٹنگز کی دوسری نصف سنچری کا آغاز بھی پاکستان سے ہی ہونا چاہیے۔ اسکواش لیجنڈ جہانگیر خان ورلڈ اسکواش فیڈریشن کے سفیر ہیں۔

سیکرٹری پی ایس ایف کا کہنا ہے کہ عالمی اسکواش فیڈریشن کی سالانہ میٹنگ کا پاکستان میں انعقاد سینئر نائب صدر ایئر مارشل عامر مسعود کی کاوشوں کا ثمر ہے۔ انہوں نے عالمی اسکواش فیڈریشن بورڈ کے ڈائریکٹرز خصوصاَ صدر زینا وولڈریج کا شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ سالانہ عام اجلاس کیلئے پاکستان کا انتخاب اسکواش کیلئے پاکستان کی مثبت کاوشوں کا اعتراف ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔