ورلڈ بینک سے پاکستان کے لیے 1 ارب ڈالر قرض منظور

واشنگٹن: ورلڈ بینک نے پاکستان کے لیے ایک ارب ڈالر قرض کی منظوری دے دی۔
عالمی بینک کے اعلامیے کے مطابق ملنے والی قرض کی رقم داسو ہائیڈرو پاور منصوبے کے لیے استعمال ہوگی۔
اعلامیے میں بتایا گیا کہ فنڈز داسو ہائیڈرو منصوبے کے فیز ون پر خرچ کیے جائیں گے اور اس رقم سے پن بجلی کی سپلائی میں اضافہ ہوگا۔
ورلڈ بینک کے حکام کا کہنا ہے کہ داسو منصوبے سے پاکستان میں سستی بجلی پیدا ہوسکے گی اور منصوبہ مکمل ہونے پر 4320 سے 5400 میگاواٹ بجلی پیدا ہوگی۔
ورلڈ بینک کے مطابق داسو ہائیڈرو منصوبہ پاکستان کے لیے گیم چینجر ثابت ہوگا۔
دوسری جانب واپڈا ترجمان کا کہنا ہے کہ عالمی بینک پہلے ہی داسو ڈیم پروجیکٹ کے لیے 588 ملین ڈالر قرض فراہم کررہا ہے اور اب مزید ایک ارب ڈالر کی منظوری دی ہے جب کہ عالمی بینک داسوہائیڈرو پاور پروجیکٹ کے لیے 460 ملین ڈالر کی کریڈٹ گارنٹی بھی فراہم کررہا ہے۔
واپڈا ترجمان نے مزید بتایا کہ واپڈا اس وقت 26 ارب ڈالر سے داسو ڈیم سمیت 8 بڑے منصوبے تعمیر کررہا ہے، زیر تعمیر منصوبے اگلے 5 سال میں مرحلہ وار مکمل ہوں گے اور ان منصوبوں کی تعمیر کے لیے مربوط مالی حکمتِ عملی ترتیب دی ہے۔
ترجمان واپڈا کا کہنا ہے کہ منصوبوں کی تکمیل پر 9.7 ملین ایکڑ فٹ مزید پانی ذخیرہ کیا جاسکے گا اور واپڈا پن بجلی کی پیداوار بھی دوگنا ہوکر 20 ہزار میگاواٹ ہوجائے گی۔
ترجمان کے مطابق داسو پروجیکٹ سے بجلی کی پیداوار 2026 میں شروع ہوجائے گی۔

 

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔