نئی دلہن آرڈر دے تو یہ سسرال میں قبول نہیں، صبا فیصل کو بیان پر تنقید کا سامنا
کراچی: سینئر اداکارہ صبا فیصل اپنے حالیہ تبصرے پر سوشل میڈیا صارفین کی تنقید کی زد میں آگئیں۔
صبا فیصل اکثر مختلف ٹی وی چینلز کے پروگرام میں شادی اور گھریلو معاملات سے متعلق گفتگو کرتی ہیں۔
حال ہی میں صبا فیصل نجی ٹی وی کے مارننگ شو میں شریک ہوئیں، جہاں انہوں نے سسرال میں نئی نویلی دلہن کے حوالے سے گفتگو کی۔
صبا فیصل کا کہنا تھا کہ شادی کے بعد سسرال میں سب مہمان موجود ہوتے ہیں، ساس پر مہمانوں سمیت دیگر کام کی ذمے داری ہوتی ہے، لیکن آنے والی دلہن پر کوئی ذمے داری نہیں ہوتی۔
انہوں نے کہا کہ اگر نئی دلہن کو آرام کی ضرورت ہے تو ساس خود کہہ دے، اگر ساس نہیں کہہ رہی تو نئی دلہن ساس یا شادی شدہ نند کے پاس جاکر آرام کرنے کا پوچھ لے۔
صبا فیصل نے مزید کہا کہ بات کرنے کا ایک انداز ہوتا ہے، اگر لڑکی ڈائریکٹ آرڈر دے تو یہ سسرال میں قبول نہیں، پوچھ لینے پر بری سے بری ساس بھی منع نہیں کرے گی اور آرام کرنے کی اجازت دے دے گی۔
صبا فیصل کی اس گفتگو کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے انہیں تنقید کا نشانہ بنایا اور اپنے خیالات کا اظہار کیا۔