ہائر ایجوکیشن کمیشن سے ڈگری کی تصدیق کے نام پر واٹس ایپ ہیکنگ جاری

کراچی: وطن عزیز کے طول و عرض میں بے شمار صارفین آن لائن جعل سازی کی زد میں آتے رہتے ہیں۔ اب ہائر ایجوکیشن کمیشن سے ڈگری کی تصدیق کرانے کے نام پر صارفین کے واٹس ایپ ہیک کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن سے ڈگری تصدیق کے خواہش مند افراد کو ہیکرز کی جانب سے کال آتی ہے، بات چیت ہوتی ہے، اُن کو کوڈ بھیجا جاتا ہے، واٹس ایپ پر اس کا ریپلائی کرتے ہی صارفین کا واٹس ایپ ہیک ہوجاتا ہے۔

قبل ازیں اس حوالے سے مالی فراڈ بھی ہوتے رہے ہیں۔ جس فرد کو اپنی ڈگری کی ہائر ایجوکیشن کمیشن سے تصدیق کی ضرورت ہوتی ہے، وہ اس حوالے سے انٹرنیٹ پر سرچنگ کرتا ہے اور اس دوران ہیکرز کے ہتھے چڑھ جاتا ہے، جو خود کو ہائر ایجوکیشن کمیشن کے نمائندے ظاہر کرکے اس سے اس کی ڈگری کی تصدیق کے نام پر آن لائن رقم وصول کرتے ہیں، اُسے وقت بتایا جاتا ہے کہ اس وقت تک آپ کی ڈگری کی تصدیق کا عمل مکمل ہوجائے گا۔ وہ فرد انتظار میں رہتا ہے اور آن لائن فراڈ کرنے والا رفوچکر ہوجاتا ہے۔
ملک کے طول و عرض میں بڑی تعداد میں شہری ہائر ایجوکیشن کمیشن سے اپنی ڈگری کی تصدیق کے ضمن میں اس فراڈ کا شکار ہوچکے ہیں۔ شہریوں کو اپنی ڈگری کی تصدیق صرف اور صرف ہائر ایجوکیشن کمیشن سے ہی کرانی چاہیے۔ اگر وہ ایسے جعلسازوں کے جھانسے میں آچکے ہیں یا جھانسے میں آنے والے ہیں تو اس کی اطلاع فوری ایف آئی اے سائبر کرائم کو کریں، تاکہ سادہ لوح شہریوں کو لوٹنے والے ان جعل سازوں کی دُکان بند ہوسکیں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔