واٹس ایپ کے ذریعے ماہانہ کتنے پیغامات بھیجے جاتے ہیں؟
نیویارک: فیس بک کی زیر ملکیت ایپلی کیشن واٹس ایپ نے اپنی بارہویں سالگرہ پر ایپ کے استعمال سے متعلق کچھ اعدادو شمار جاری کیے ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر واٹس ایپ کے آفیشل ٹویٹر ہینڈل سے آج ایک ٹویٹ کی گئی ہے۔
واٹس ایپ کی جانب سے بتایا گیا کہ اس کے 2 ارب سے زائد صارفین ہر ماہ 100 ارب واٹس ایپ پیغامات بھیجتے اور روزانہ ایک ارب سے زائد کالز کی جاتی ہیں۔
واٹس ایپ نے کہا کہ ہم اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن کے ساتھ آپ کی رازداری کے پابند ہیں اور رہیں گے، ہمیشہ اور ہمیشہ کے لیے واٹس ایپ کے 12 سال مبارک ہوں۔
خیال رہے کہ حال ہی میں امریکی ویب سائٹ ٹیک کرنچ نے دعویٰ کیا کہ جو صارفین واٹس ایپ کی نئی پرائیویسی پالیسی کو قبول کرنے کے حامی نہیں ان صارفین کا واٹس ایپ اکاؤنٹ 15 مئی کے بعد عارضی بند کردیا جائے گا۔
ویب سائٹ کا کہنا تھا کہ 15 مئی کے بعد پرائیویسی قبول نہ کرنے والے صارفین واٹس ایپ کے پیغامات کو نہیں پڑھ پائیں گے اور نہ اپنے دوستوں کو واٹس ایپ کے ذریعے کوئی پیغام بھیج سکیں گے جب کہ اکاؤنٹ مزید 120 دن بعد مکمل طور پر ڈیلیٹ کردیا جائے گا۔