وزن گھٹانے والی ادویہ بینائی کو متاثر کرسکتی ہیں
کراچی: تازہ ترین تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ وزن گھٹانے والی ادویہ کچھ لوگوں میں آنکھ کے امراض کا سبب بن سکتی ہیں، جس سے بینائی جاسکتی ہے۔
جاما نامی جرنل میں شائع شدہ تحقیق میں 15 لاکھ کے قریب افراد کے ڈیٹا کا جائزہ لیا گیا۔
مطالعے میں معلوم ہوا کہ ذیابیطس میں مبتلا افراد جو سیماگلوٹائڈ یا ٹائرزیپیٹائڈ جیسی ادویہ کا استعمال کررہے تھے، ان کے آپٹک نرو ڈِس آرڈر میں مبتلا ہونے کے خطرات زیادہ تھے۔
محققین کے مطابق تحقیق نے خاص طور پر نان-آرٹیریٹک اینٹیریئر اِسکیمک آپٹک نیورو پیتھی (NAION) نامی نایاب لیکن خطرناک کیفیت کو واضح کیا، جس میں آپٹک نرو میں خون کی گردش اچانک کم یا رک جاتی ہے جو آئی-اسٹروک کا سبب بنتی ہے۔ مریضوں کو اس کا ادراک اُس وقت ہوتا ہے جب ان کی ایک آنکھ کی بینائی چلی جاتی ہے۔
اس وقت تک طبی دنیا میں اس کیفیت کا کوئی علاج نہیں ہے۔
ماضی کی ایک تحقیق میں بتایا گیا تھا کہ 10 ہزار میں سے کسی ایک مریض کے اس کیفیت میں مبتلا ہونے کے خدشات ہوتے ہیں۔
لیکن تازہ ترین تحقیق میں ٹائپ 2 ذیابیطس میں مبتلا ڈیڑھ لاکھ سے زائد افراد جو سیماگلوٹائڈ یا ٹائرزیپیٹائڈ جیسی ادویہ کا استعمال کررہے تھے، میں سے 35 افراد میں NAION پایا گیا۔