پاکستان میں ہر جگہ کمزور نے مار کھائی، ہمیں قوم کو مسائل سے بچانا ہے:وزیراعظم
اسلام آباد: وزیراعظم نے نیشنل فوڈ سیکیورٹی کو اصل خطرہ قرار دے دیا، ان کا کہنا تھا کہ ہمیں ابھی سے اس سے نمٹنے کے لیے تیاری شروع کرنا ہوگی۔
وزیراعظم عمران خان نے اسلام آباد میں کسان کنونشن سے خطاب میں کہا کہ جس قوم کو صحیح معنوں میں غذا نہ ملے وہ ترقی نہیں کرسکتی، آنے والے وقت سے بچنے کے لیے آج سے ہمیں قدم اٹھانے ہیں۔ اس کانفرنس کا مقصد کسانوں کو صحیح سمت دینا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مدینہ کی ریاست میں سب سے پہلے نچلے طبقے کی مدد کی گئی جب کہ چین نے 35 برسوں میں 70 کروڑ لوگوں کو پہلے غربت سے نکالا، چین نے اپنے ملک کو اٹھانے کے لیے چھوٹے کسانوں کی مدد کی، ہمیں بھی 74 سال پہلے اپنے چھوٹے کسانوں کی مدد کرنی چاہیے تھی۔
وزیراعظم نے کہا کہ آزادی کے بعد حکمرانوں نے سب کو ترقی میں شامل نہیں کیا۔ امیر اور غریب کے لیے تعلیم کا الگ الگ نظام ہے۔ سرکاری ہسپتال پیچھے اور نجی ہسپتال بہتر ہوگئے۔ انصاف کا نظام ایسا ہے کہ مہنگے وکیل کرو تو انصاف ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہر جگہ کمزور آدمی نے مار کھائی، سسٹم نے ہر جگہ غریب کو پیچھے چھوڑ دیا۔ ساری مراعات چھوٹے سے طبقے کے لیے ہے لیکن ہم نے اپنی قوم کو مسائل سے بچانا ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ خالص دودھ کا بھی مسئلہ ہے، بچوں کو پوری غذا نہ ملنا بہت خوف ناک ہے۔ پاکستان میں کبھی گائے اور بھینس کی جینز سے متعلق سوچا ہی نہیں گیا۔