وزیرستان: چیک پوسٹ پر خودکُش حملہ، سیکیورٹی اہلکاروں سمیت 8 افراد شہید

شمالی وزیرستان: فورسز کی چیک پوسٹ پر خودکش حملے میں سیکیورٹی اہلکاروں سمیت 8 افراد شہید اور 5 زخمی ہوگئے۔
خیبر پختون خوا کے قبائلی ضلع شمالی وزیرستان میں میرعلی کے علاقے عیدک میں پولیس اور آرمی کی جوائنٹ چیک پوسٹ ’اسلم‘ پر خودکش حملے میں 8 افراد شہید اور 5 زخمی ہوگئے۔
سینئر پولیس آفیسر کے مطابق خودکش حملہ آور نے بارود سے بھرا رکشا چیک پوسٹ سے ٹکرا کر دھماکے سے اڑادیا۔ شہدا میں چار پولیس اہلکار، 2 فوجی اور دو عام شہری شامل ہیں۔ دھماکے میں چیک پوسٹ کے ساتھ ایک فوجی گاڑی کو بھی نشانہ بنایا گیا۔
زخمیوں کو فوری میران شاہ اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں متعدد کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے جس کے باعث شہید افراد کی تعداد میں اضافے کا اندیشہ ہے۔ سیکیورٹی فورسز نے جائے وقوعہ کا محاصرہ کرلیا اور مزید کارروائی جاری ہے۔
ایک دوسرے واقعے میں صوبہ خیبرپختونخوا کے جنوبی ضلع ٹانک کے گاٶں گل امام گاؤں میں فوجی قافلے پر ریموٹ کنٹرول بم دھماکا ہوا، جس میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔