وزیرستان: سیکیورٹی فورسز اور خوارج میں فائرنگ کا تبادلہ، لیفٹیننٹ کرنل اور 5 جوان شہید
شمالی وزیرستان: اسپن وام میں سیکیورٹی فورسز اور خوارج کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے دوران 6 خوارج ہلاک ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران لیفٹیننٹ کرنل محمد علی شوکت پانچ جوانوں سمیت شہید ہوگئے۔
شہید ہونے والے جوانوں میں لانس نائیک محمد اللہ، لانس نائیک اختر زمان، لانس نائیک شاہد اللہ، لانس نائیک یوسف علی، سپاہی جمیل احمد جام شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں، پاکستان کی سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں، علاقے میں پائے جانے والے دیگر خارجیوں کو ختم کرنے کے لیے سینی ٹائزیشن آپریشن کیا جارہا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 43 سالہ لیفٹیننٹ کرنل محمد علی شوکت شہید کا تعلق فیصل آباد سے ہے، جنہوں نے سوگواران میں اہلیہ اور تین بیٹے چھوڑے۔
30 سالہ لانس نائیک محمد اللہ شہید کا تعلق ضلع خیبر، 30 سالہ لانس نائیک اختر زمان شہید کا تعلق لکی مروت، 29 سالہ لانس نائیک شاہد اللہ کا تعلق ضلع ٹانک، 31 سالہ لانس نائیک یوسف علی شہید کا تعلق لوئر اورکزئی، 26 سالہ سپاہی جمیل احمد شہید کا تعلق ضلع سوات سے ہے۔