وسیم اکرم نے اپنے مجسمے کو چیتے سے بہتر قرار دے دیا

کراچی: آج کل وسیم اکرم کے ایک مجسمے پر سوشل میڈیا پر خاصی بحث ہورہی ہے۔ سابق کپتان وسیم اکرم کا حیدرآباد کے نیاز اسٹیڈیم میں لگے اپنے مجسمے سے متعلق ردعمل سامنے آگیا۔
وسیم اکرم نے سماجی رابطے کی سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر اپنے مجسمے کے ساتھ ایک چیتے کے مجسمے کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ یقیناً میرا مجسمہ اس چیتے سے تو بہتر ہے۔
انہوں نے کہا کہ نیاز اسٹیڈیم حیدرآباد میں لگائے گئے میرے مجسمے کے حوالے سے بہت باتیں ہورہی ہیں، میرے خیال میں آئیڈیا کی زیادہ اہمیت ہوتی ہے۔
سابق کپتان کا کہنا تھا کہ مجسمہ بنانے والے کو کریڈٹ دینا چاہیے، اس کوشش پر اور جو اس میں شامل رہا، انہیں میری طرف سے فُل مارکس۔
خیال رہے کہ سوئنگ کے سلطان کہلائے جانے والے پاکستان کے لیجنڈری فاسٹ بولر وسیم اکرم کا مجسمہ حال ہی اسٹیڈیم کے باہر نصب کیا گیا تھا تاہم شائقین نے فاسٹ بولر کے مجسمے پر اعلیٰ حکام کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔
مجسمے میں بائیں ہاتھ کے تیز گیند باز کو ان کے ٹریڈ مارک بالنگ کے انداز میں دکھایا گیا تھا، جس میں وہ پاکستان کی 1999 ورلڈکپ کی جرسی زیب تن کیے ہوئے ہیں۔
1984 سے 2003 تک پاکستان کی نمائندگی کرنے والے وسیم نے ٹیسٹ فارمیٹ میں سب سے زیادہ 414 اور ون ڈے فارمیٹ میں 502 وکٹیں حاصل کی ہیں۔