مشرقِ وسطیٰ میں جنگ: دبئی کا عالمی طبی امدادی مرکز مفلوج
دبئی: مشرقِ وسطیٰ میں جنگ کے باعث دبئی کا عالمی طبی امدادی مرکز مفلوج، اے ایف پی کے مطابق عالمی ادارہ صحت نے خبردار کیا ہے کہ ایران پر حالیہ حملوں کے اثرات علاقائی سرحدوں سے باہر نکل جائیں گے۔
اقوام متحدہ کی ایجنسی کے سربراہ کا کہنا ہے کہ مشرق وسطیٰ کی جنگ نے عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کو دبئی میں قائم اپنے عالمی ہنگامی لاجسٹکس مرکز (گلوبل ایمرجنسی لاجسٹکس ہب) میں آپریشنز معطل کرنے پر مجبور کردیا ہے۔
ٹیڈروس ادھانوم گیبریسس نے خبردار کیا کہ گزشتہ ہفتے ایران پر امریکا اور اسرائیل کے حملوں سے شروع ہونے والے اس تنازع کے اثرات صرف براہ راست متاثرہ ممالک تک محدود نہیں رہیں گے بلکہ اس سے کہیں آگے تک جائیں گے۔
انہوں نے ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ دبئی میں عالمی صحت کی ہنگامی صورت حال کے لیے قائم ڈبلیو ایچ او کے لاجسٹکس مرکز کے آپریشنز فی الحال بے یقینی سیکیورٹی صورت حال کی وجہ سے معطل ہیں۔
عالمی ادارۂ صحت کی مشرقی بحیرۂ روم کی علاقائی ڈائریکٹر حنان بلخی نے صحافیوں کو بتایا کہ گزشتہ سال، دبئی کے لاجسٹکس مرکز نے دنیا بھر کے 75 ممالک کے لیے 500 سے زائد ہنگامی آرڈرز پر کارروائی (پروسیس) کی تھی۔