امریکا میں ووٹنگ شروع، ٹرمپ اور کملا میں سخت مقابلے کا امکان
واشنگٹن: صدارتی انتخابات کے لیے ووٹنگ شروع ہوگئی، جس میں ری پبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ اور ڈیموکریٹ امیدوار کملا ہیرس میں کانٹے کے مقابلے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔
امریکا میں 6 مختلف ٹائم زون کے باعث مختلف امریکی ریاستوں میں پولنگ کا آغاز اور اختتام الگ الگ وقتوں پر ہوگا۔
امریکی میڈیا کے مطابق ریاست ورمونٹ میں ووٹ ڈالے جارہے ہیں جب کہ نارتھ کیرولینا، اوہائیو اور ویسٹ ورجینیا میں بھی ووٹنگ کا آغاز ہوگیا ہے۔
نیویارک اور نیو جرسی میں بھی ووٹرز پولنگ اسٹیشنوں کا رُخ کررہے ہیں جب کہ نیو ہیمپشائر اور کنیٹی کٹ میں بھی ووٹنگ کا آغاز ہوگیا ہے۔
نارتھ کیرولینا، امریکا میں پانسہ پلٹنے والی ان 7 ریاستوں میں شامل ہے جو کسی بھی امیدوار کی کامیابی میں فیصلہ کن ہوں گی۔
امریکی میڈیا کے مطابق 7 کروڑ 89 لاکھ افراد پہلے ہی ووٹ کاسٹ کرچکے ہیں اور کسی بھی امیدوار کو جیت کے لیے کل 538 میں سے کم از کم 270 الیکٹورل ووٹ کی ضرورت ہوگی۔
امریکا میں صدارتی انتخابات میں الیکشن کے دن کی ووٹنگ کا آغاز رات نیو ہیمپشائر میں ہوا اور پہلا ووٹ نیو ہیمپشائر کے ایک چھوٹے سے قصبے ڈکسوائل نوچ میں ڈالا گیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ڈکسوائل نوچ میں کل 6 ووٹ رجسٹر تھے جن میں سے ڈونلڈ ٹرمپ اور کملا ہیرس دونوں کو 3،3 ووٹ پڑے اور اس طرح نیو ہیمپشائر کے ایک چھوٹے قصبے میں ڈیموکریٹ اور ری پبلکن امیدوار میں مقابلہ برابر رہا۔