معاشی بحران سے نمٹنے کے لیے روسی صدر کا بڑا فیصلہ
ماسکو: روس کے صدر ولادی میر پیوٹن نے کورونا کی وجہ سے ہونے والے معاشی نقصان سے نمٹنے کے لیے بڑا فیصلہ کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق روسی حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ اس بحران پر قابو پانے کے لیے امیر طبقے پر عائد ٹیکس میں اضافہ کیا جائے گا۔
روسی صدر نے اپنے ایک اعلان میں کہا کہ حکومت 19 سال بعد ملک کے امیر طبقے پر ٹیکس بڑھا رہی ہے، زیادہ آمدنی والے طبقے کو مزید ٹیکس دینا ہوگا۔
قوم سے بذریعہ ٹی وی خطاب کرتے ہوئے پیوٹن کا کہنا تھا کہ امیر طبقے پر ٹیکس کی شرح کو 13 سے بڑھا کر 15 فیصد کیا جارہا ہے، 73 ہزار سالانہ یا اُس سے زائد کمانے والوں کو دو فیصد اضافی ٹیکس ادا کرنا ہوگا۔
یہ اہم فیصلہ کورونا بحران کی وجہ سے کیا گیا، جس نے روسی معیشت پر گہرے اثرات مرتب کیے ہیں۔