خاور مانیکا پر پی ٹی آئی وکلا کا تشدد، بوتلیں بھی ماریں
اسلام آباد: پی ٹی آئی وکلا نے عدالت آمد پر بشریٰ بی بی کے سابق شوہر خاور مانیکا کو تشدد کا نشانہ بناڈالا۔
اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں عدت میں نکاح کیس کی سماعت ہوئی، اس سلسلے میں بشریٰ بی بی کے سابق شوہر خاور مانیکا عدالت میں پیش ہونے کے لیے آئے، جہاں عدالتی احاطے میں موجود پی ٹی آئی کے وکلا نے ان پر تشدد کیا اور تھپڑ مارے۔
خاور مانیکا پر وکیل کے تشدد کے بعد ان کے ساتھ موجود وکلا نے انہیں بچایا اور عدالت میں لے گئے۔
عدالت میں جج کے چیمبر میں جانے کے بعد بھی پی ٹی آئی وکلا نے کمرۂ عدالت میں خاور مانیکا کو بوتلیں ماریں۔
خیال رہے کہ اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ کے جج شاہ رخ ارجمند نے عدت میں نکاح کیس میں سزا کے خلاف عمران خان اور بشریٰ بی بی کی اپیلوں پر فیصلہ محفوظ کر رکھا ہے جو آج سنایا جانا تھا، لیکن جج پر خاور مانیکا کے عدم اعتماد کے باعث اسے سنایا نہ جاسکا۔