بھارت، برفانی تودہ گرنے سے 14 افراد ہلاک، متعدد لاپتا!

دہرادون: بھارت کی ریاست اترکھنڈ میں برفانی تودہ گرنے سے 14 افراد ہلاک اور متعدد لاپتا ہوگئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست اترکھنڈ کے ضلع چمولی میں اتوار کو گلیشیئر پگھلنے سے برفانی تودہ گرنے کا واقعہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں 14 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوچکی جب کہ 170 اب بھی لاپتا ہیں۔
بھارتی میڈیا کا بتانا ہے کہ الکنندا دریا میں برفانی تودہ گرنے اور سیلابی ریلے نے ہائیڈرولک اسٹیشنز اور پانچ پلوں کو بھی تباہ کردیا جب کہ گلیشیئر پگھلنے سے تودے کے سڑک پر آنے کے باعث حکام نے فوری طور پر قریب دیہات کو خالی کرالیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق واقعے کے بعد قومی ڈیزاسٹر سمیت فوج اور نیوی کی ٹیمیں علاقے میں تعینات کردی گئی ہیں۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ واقعے میں لاپتا 170 افراد میں سے 148 مقامی پلانٹ اور 22 رشی گنگا کے ملازمین ہیں جب کہ 30 کے قریب افراد ٹنل میں پھنسے ہوئے ہیں، جن کو نکالنے کے لیے ٹیمیں کام کررہی ہیں، لیکن انتہائی کم درجہ حرارت اور ٹنل میں مٹی اور دیگر ملبے کی وجہ سے ٹیموں کو مشکلات کا سامنا ہے، تاہم تبت بارڈر پولیس نے زیر تعمیر ٹنل میں سے 12 افراد کو ریسکیو کرلیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ٹنل میں پھنسے افراد کی جانب سے کسی قسم کی مدد کی آواز سنائی نہیں دی گئی، جس کی وجہ سے ان کی ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔