امریکا و ایران مذاکرات 10 اپریل کو اسلام آباد میں ہوں گے، وزیراعظم
اسلام آباد: وزیرِاعظم شہباز شریف نے اعلان کیا ہے کہ ایران اور امریکا نے اپنے اتحادیوں کے ساتھ مل کر لبنان سمیت مختلف خطوں میں فوری جنگ بندی پر اتفاق کرلیا ہے۔
وزیرِاعظم شہباز شریف کے مطابق یہ جنگ بندی فوری نافذالعمل ہوچکی ہے، جسے خطے میں امن کے قیام کے لیے ایک بڑی پیش رفت قرار دیا جارہا ہے۔
انہوں نے اس فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے دونوں ممالک کی قیادت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ اقدام دانش مندی اور دور اندیشی کا مظہر ہے۔
وزیرِاعظم نے اعلان کیا کہ ایران اور امریکا کے وفود کو جمعہ، 10 اپریل 2026 کو اسلام آباد مدعو کیا گیا ہے، تاکہ تمام تنازعات کے حتمی حل کے لیے مزید مذاکرات کیے جاسکیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ دونوں فریقین نے غیر معمولی فہم و فراست کا مظاہرہ کرتے ہوئے امن و استحکام کے فروغ کے لیے تعمیری کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ اسلام آباد مذاکرات پائیدار امن کے حصول میں اہم سنگِ میل ثابت ہوں گے اور آنے والے دنوں میں مزید مثبت پیش رفت سامنے آئے گی۔