امریکی صدر کا ٹیرف میں ریلیف، پاکستان اسٹاک میں زبردست تیزی

کراچی: امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے عائد کیے گئے ٹیرف میں ریلیف کے بعد پاکستان سمیت دنیا بھر کی مارکیٹ میں زبردست تیزی دیکھنے میں آرہی ہے۔
چند روز قبل ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے دنیا بھر کے ممالک پر ٹیرف عائد کیا گیا تھا، پاکستانی مصنوعات پر بھی 29 فیصد ٹیرف عائد کیا گیا تھا جس کے بعد سے پاکستان اسٹاک سمیت دنیا بھر کی اسٹاک مارکیٹس کریش کر گئی تھیں۔
تاہم گزشتہ روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوائے چین کے تمام ممالک پر ٹیرف میں 90 روز کا ریلیف کا اعلان کیا جس کے بعد آج تائیوان کی اسٹاک مارکیٹ 9 فیصد سے زائد اضافے کے ساتھ بند ہوئی جب کہ ہانگ کانگ کی مارکیٹ میں بھی مثبت رجحان دیکھنے میں آیا۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں بھی کاروبار کا آغاز مثبت انداز میں ہوا اور ایک موقع پر 100 انڈیکس 2924 پوائنٹس اضافے سے ایک لاکھ 17 ہزار 77 پوائنٹس پر ٹریڈ کرتا دیکھا گیا۔
تاہم کاروبار کے اختتام پر 100 انڈیکس مجموعی طور پر 2036 پوائنٹس اضافے سے ایک لاکھ 16 ہزار 189 پوائنٹس پر بند ہوا اور کاروباری دن میں 100 انڈیکس 1353 پوائنٹس کے بینڈ میں رہا۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج 63 کروڑ 80 لاکھ شیئرز کے سودے ہوئے جو گزشتہ روز کے مقابلے 42 فیصد کا اضافہ ہے۔ آج ہونے والے کاروبار کی مالیت 36 ارب 92 کروڑ روپے رہی جو گزشتہ روز کے مقابلے 39 فیصد زائد ہے۔
مارکیٹ کیپٹلائزیشن 250 ارب روپے اضافے سے 14 ہزار 235 ارب روپے ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔