امریکی حکومت کا نئے اسٹوڈنٹ ویزا انٹرویوز بند کرنے کا حکم

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حکومت نے نئے طلبہ کے ویزا اپائنٹمنٹس کو عارضی طور پر روکنے کا حکم جاری کردیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے تمام سفارت خانوں کو حکم دیا ہے کہ وہ طلبہ کے ویزوں کے لیے اپائنٹمنٹ کا شیڈول بند کردیں کیونکہ وہ درخواست دہندگان کی سوشل میڈیا پروفائلز کی جانچ کو مزید وسعت دینے جارہے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق غیر ملکی طلبہ کو سوشل میڈیا کی جانچ پڑتال کے عمل سے گزارا جائے گا، تاہم جو ویزا اپائنٹمنٹس پہلے سے طے شدہ ہیں، وہ معمول کے مطابق ہوں گی۔
اس حوالے سے امریکی وزیر خارجہ مارک روبیو نے ہدایت دی کہ ویزا اپائنٹمنٹس کی بندش اس وقت تک جاری رہے گی جب تک نئی ہدایت نہیں دی جاتی۔
خیال رہے کہ اس سے قبل ٹرمپ انتظامیہ نے ہارورڈ یونیورسٹی کا غیر ملکی طلبا کو داخلہ دینے کا اختیار منسوخ کردیا تھا۔