نامعلوم افراد کی فائرنگ، مشہور ٹک ٹاکر حسینہ جان کی بازی ہار گئی
ہری پور: خیبر پختون خوا کے ضلع ہری پور میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے مشہور ٹک ٹاکر خاتون رضوانہ عرف حسینہ جاں بحق ہوگئیں۔
نجی ٹی وی کے مطابق افسوس ناک واقعہ ہری پور کے علوے خالو غازی میں پیش آیا، جہاں نامعلوم موٹر سائیکل سوار فائرنگ کرنے کے بعد موقع سے فرار ہوگئے۔
فائرنگ کے نتیجے میں ٹک ٹاکر خاتون رضوانہ عرف حسینہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئیں۔
واقعے کے بعد پولیس اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں جب کہ علاقے کو سیل کر کے شواہد اکٹھے کیے جارہے ہیں۔
پولیس کے مطابق لاش کو قانونی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے اور واقعے کی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔