اسمبلی چوک پشاور میدان جنگ میں تبدیل، یونیورسٹی ملازمین کا احتجاج!
پشاور: اسمبلی چوک پشاور میدان جنگ میں تبدیل، یونیورسٹیوں کے ملازمین نے مطالبات کے لیے اسمبلی چوک میں احتجاج کے دوران روڈ کو دونوں اطراف سے بند کردیا۔ پولیس نے منتشر کرنے کے لیے لاٹھی چارج اور شیلنگ کی۔
پشاور میں سرکاری یونیورسٹیوں کے ملازمین نے خیبر پختونخوا اسمبلی کے سامنے الاؤنس میں کٹوتی، صوبائی ہائر ایجوکیشن کمیشن کے قیام اور فیسوں میں اضافے سمیت دیگر مطالبات کے لیے احتجاج کیا۔ مظاہرین نے اسمبلی کے سامنے خیبر روڈ کو ہر قسم کے ٹریفک کے لیے دونوں اطراف سے بند کردیا، جس سے گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگی گئیں۔
پولیس حکام کی جانب سے روڈ کو کھولنے کے لیے مظاہرین کے ساتھ مذاکرات ہوئے، جس میں تلخ کلامی ہوگئی۔ پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے لاٹھی چارج اور شلینگ کی، جس سے مظاہرین منتشر ہوگئے۔ کارروائی کے دوران 8 مظاہرین کو گرفتار کرلیا گیا، مظاہرین کے منتشر ہونے کے بعد خیبر روڈ پر ٹریفک بحال کردیا گیا۔
پولیس حکام کے مطابق شہریوں کو پُرامن احتجاج کا پورا پورا حق ہے، احتجاج پُرامن اور ایک سائیڈ پر ہو تو کچھ نہیں کہتے، احتجاج سے اگر شہریوں کو تکلیف ہو تو قانون حرکت میں آئے گا، ہسپتالوں کو جانے والے راستے بند تھے، اس سے عوام کو تکلیف کا سامنا تھا، ایکشن لے کر احتجاج کو ختم اور ٹریفک کو بحال کردیا ہے۔