اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین کی آرمی چیف سے ملاقات
اسلام آباد: چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین فلپپو گرانڈی نے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی، افغانستان کی موجودہ صورت حال اور انسانی امداد میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی ار کے مطابق آرمی چیف نے افغانستان میں انسانی ہمدردی اور پناہ گزینوں کے بحران سے بچنے کے لیے عالمی کوششوں کو یکجا کرنے کی ضرورت کا اعادہ کیا۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بحرانوں کے دوران یو این ایچ سی آر کے کردار کو بھی سراہا، ہائی کمشنر نے چار دہائیوں سے زائد عرصے تک چار لاکھ افغان مہاجرین کی میزبانی کے لیے پاکستان کی کوششوں کا اعتراف کیا، ملاقات میں افغان صورت حال میں پاکستان کے کردار کو بھی سراہا گیا۔
ایوان صدر میں اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین فلیپو گرانڈی نے صدر مملکت سے ملاقات کی، اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین کا خیرمقدم کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ افغانستان کو انسانی اور معاشی امداد کی اشد ضرورت ہے، طویل جنگ نے افغان عوام کی مشکلات میں اضافہ کیا ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جس نے گزشتہ چار دہائیوں سے 35 لاکھ افغان مہاجرین کی میزبانی کی۔
اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین نے لاکھوں افغان مہاجرین کی میزبانی اور افغانستان میں انسانی امداد بھیجنے میں پاکستان کے کردار کو سراہا۔