عمر شریف کو علاج کے لیے امریکی ویزے کا اجرا

کراچی: پاکستان کے لیجنڈ کامیڈین اور سینئر اداکار عمر شریف اور ان کے اہل خانہ کو امریکا کے ویزے جاری ہوگئے۔
معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ عمر شریف صاحب اور ان کے اہل خانہ کو امریکا کے ویزے ایشو ہوگئے ہیں۔ عمر شریف جلد علاج کے لیے امریکا روانہ ہوں گے۔
انہوں نے مزید کہا عمر شریف کے اہل خانہ نے اس تمام پروسیس میں تعاون پر وزیراعظم عمران خان کا شکریہ ادا کیا اور وزیراعظم صاحب دعاگو ہیں کہ اللہ تعالیٰ عمر شریف صاحب کو جلد صحت یاب کرے۔
واضح رہے کہ دل کے عارضے میں مبتلا عمر شریف کی طبیعت بہت زیادہ خراب ہے۔ چند روز قبل انہوں نے ایک ویڈیو پیغام کے ذریعے وزیراعظم عمران خان سے درخواست کی تھی کہ بیرون ملک علاج کے لیے ان کی مدد کی جائے کیونکہ ان کا علاج پاکستان میں نہیں بلکہ بیرون ملک میں ہی ممکن ہے۔
اس کے علاوہ عمر شریف کی اہلیہ زرین عمر نے اپنے شوہر کے علاج کے لیے حکومت سے ایئر ایمبولینس اور ویزا وغیرہ کے انتظامات کرنے کی درخواست کی تھی تاکہ عمر شریف کو علاج کے لیے بیرون ملک لے جایا جاسکے۔
عمر شریف کی درخواست پر وفاقی اور سندھ حکومت نے فوراً کارروائی کرتے ہوئے ان کے علاج کے لیے رقم جاری کرنے کا اعلان کیا اور محکمہ خزانہ کی جانب سے رقم کے اجرا کے لیے باضابطہ حکم نامہ جاری کیا گیا۔ اس کے علاوہ سندھ حکومت نے عمر شریف کے علاج کے لیے ایئر ایمبولینس کا بندوبست بھی کیا جس کے لیے 4 کروڑ روپے کی رقم محکمہ صحت کو جاری کی گئی۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔