عمر گل اور سعید اجمل پاکستان کرکٹ ٹیم کے بولنگ کوچز مقرر

لاہور: سابق گیند بازوں عمر گل اور سعید اجمل کو پاکستانی کرکٹ ٹیم کا بالترتیب فاسٹ بولنگ اور اسپن بولنگ کوچ مقرر کردیا گیا ہے۔
ان دونوں کا پہلا اسائنمنٹ آسٹریلیا میں ٹیسٹ سیریز اور نیوزی لینڈ میں ٹی ٹوئنٹی سیریز ہوگی۔
عمر گل اس سے قبل افغانستان کے خلاف تین میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں بولنگ کوچ کی ذمے داری نبھاچکے ہیں، اس کے علاوہ وہ گزشتہ سال ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں افغانستان کی کرکٹ ٹیم کے بولنگ کوچ اور پی ایس ایل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے بولنگ کوچ بھی رہ چکے ہیں۔
عمر گل نے 2003 میں شروع ہونے والے اپنے شاندار انٹرنیشنل کیریئر میں 47 ٹیسٹ میچوں میں 163 وکٹیں، 130 ون ڈے انٹرنیشنل میں 179 وکٹیں اور60 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں 85 وکٹیں حاصل کی ہیں۔
سابق عالمی نمبر ون بولر سعید اجمل بھی آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے دوروں میں اپنی ذمے داریاں شروع کریں گے۔
انہوں نے 2008 میں اپنے بین الاقوامی کیریئر کا آغاز کیا اور انٹرنیشنل کیریئر میں 35 ٹیسٹ، 113 ون ڈے اور 64 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں مجموعی طور پر447 وکٹیں حاصل کیں، وہ پی ایس ایل میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے اسپن بولنگ کوچ بھی رہ چکے ہیں۔
عمرگل نے اپنی تقرری کو اعزاز سمجھتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکا اشرف کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستانی ٹیم کے ساتھ اپنے سابقہ تجربے کی روشنی میں وہ کوچنگ کی مہارت کو بروئے کار لاتے ہوئے ٹیم کی بولنگ کو نئی بلندیوں تک پہنچانے کی کوشش کریں گے۔
سعید اجمل نے بھی کہا کہ ذکا اشرف کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے اس ذمے داری کے لیے موقع فراہم کیا۔ پاکستانی ٹیم میں اسپن بولنگ کی ترقی کے لیے اپنا کردار ادا کرنے میں خوشی محسوس کرتا ہوں اور امید کرتا ہوں کہ میرا کیریئر اور تجربہ ٹیم میں اسپن بولنگ کو آگے بڑھانے میں مددگار ثابت ہوگا۔

 

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔