کورونا میں مبتلا ٹرمپ اسپتال منتقل

واشنگٹن ڈی سی: کورونا وبا میں مبتلا امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو اسپتال منتقل کردیا گیا۔
وائٹ ہاؤس کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ میں کورونا کی درمیانے درجے کی علامات ہیں۔ انہیں بخار، سینے میں درد اور کھانسی کی شکایت ہے، انہیں پولی کلونل اینٹی باڈی کاکٹیل کی 8 گرام خوراک دی گئی ہے اورانہیں فوجی ہیلی کاپٹرپروالٹرریڈ ملٹری میڈیکل سینٹر میری لینڈ منتقل کردیا گیا ہے۔
پریس سیکریٹری کے مطابق صدرٹرمپ کچھ روزاسپتال میں داخل رہیں گے، ٹرمپ طبی ماہرین کے مشورے پربطور صدر کام جاری رکھیں گے۔ ٹرمپ کی انتخابی مہم کے تمام ایونٹ معطل یا ورچوئل ہوں گے۔ امریکی میڈیا کے مطابق 74 سالہ ٹرمپ کو زائد عمر، وزن، دل کے مسائل کے سبب پیچیدگیوں کا خطرہ ہے۔
کورونا میں مبتلا ہونے کے بعد ٹرمپ نے اپنے وٖڈیو بیان میں لوگوں کی نیک خواہشات کا شکریہ ادا کیا۔ ٹرمپ نے کہا کہ میں اور اہلیہ ٹھیک ہیں لیکن احتیاط کے باعث اسپتال منتقل ہورہا ہوں تاکہ چیزیں کنٹرول میں رہیں۔


واضح رہے کہ گزشتہ روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے اور خاتون اول میلانیا ٹرمپ کے کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کی تصدیق کی تھی۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔