ٹرمپ اور جوبائیڈن کے درمیان کل آخری مباحثہ!
واشنگٹن: امریکا کے صدارتی انتخابات میں گیارہ روز رہ گئے ہیں۔ صدر ٹرمپ نے کہا ہے ان کے خلاف باتیں کرنے والے پچھلی مرتبہ بھی ہار گئے تھے، سابق امریکی صدر بارک اوباما نے کہا کہ ٹرمپ نے اپنے علاوہ کسی کے لیے کام نہیں کیا۔ امریکی شہر "نیش ول” میں کل ٹرمپ اور بائیڈن کے درمیان آخری مباحثے کے لیے اسٹیج سج گیا۔
امریکی صدارتی انتخابات میں گہماگہمی تیز ہوگئی، شمالی کیرولینا میں خطاب کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اوباما کو بارک حسین اوباما پکارتے ہوئے کہا کہ گذشتہ انتخابات میں وہ تو کہتے تھے کہ ٹرمپ کو نامزد بھی نہیں کیا جاسکتا لیکن میں صدر بن گیا۔
فلاڈیلفیا میں ڈرائیوان ریلی سے خطاب کرتے ہوئے سابق امریکی صدر بارک اوباما نے کہا کہ ٹرمپ نے اپنے علاوہ کسی کے لیے کام نہیں کیا، وہ ہر روز جھوٹ بولتے ہیں، کیا یہ امریکا کی جمہوریت ہے۔
امریکی شہر”نیش ول” میں کل ٹرمپ اور بائیڈن کے درمیان آخری ٹی وی مباحثہ ہوگا، جس کے دوران ایک امیدوار کے جواب دینے کے دو منٹ کے وقت میں دوسرے امیدوار کا مائیکروفون بند رہے گا۔
دوسری جانب امریکا نے ایران اور روس پر صدارتی انتخابات میں مداخلت کا الزام لگادیا۔ ایف بی آئی حکام کا کہنا ہے کہ ایران نے ڈیموکریٹک ووٹرز کو دھمکی آمیز ای میلز کیں، روس نے ووٹرز کے اندراج کی معلومات حاصل کیں۔