دلجیت دوسانجھ کی فلم سردار جی 3 کے ٹریلر میں ہانیہ عامر کی دھوم

کراچی: بھارتی پنجاب کے اداکار و گلوکار دلجیت دوسانجھ کی فلم سردار جی 3 کا ٹریلر جاری کردیا گیا ہے جس میں ہانیہ عامر کی موجودگی نے دھوم مچادی۔
پنجابی فلم "سردار جی 3” کا آفیشل ٹریلر یوٹیوب پر وائٹ ہِل میوزک کے چینل سے جاری کیا گیا ہے۔ فلم میں دلجیت دوسانجھ، نیرو باجوہ، ہانیہ عامر، ناصر چنیوٹی اور دیگر مشہور پنجابی اداکار شامل ہیں۔ فلم کی شوٹنگ برطانیہ میں کی گئی ہے۔
ٹریلر میں ہانیہ عامر کے نمایاں مناظر نے مداحوں کو خوشگوار حیرت میں ڈال دیا ہے کیونکہ پہلے خبریں گردش کررہی تھیں کہ ان کا کردار فلم سے نکال دیا گیا ہے اور اسے دوبارہ شوٹ کیا گیا ہے۔ تاہم ہانیہ عامر نہ صرف فلم کا حصہ ہیں بلکہ انہیں ٹریلر میں خاطرخواہ اسکرین ٹائم دیا گیا ہے جس پر ان کے مداح بے حد خوش ہیں۔

مداحوں نے سوشل میڈیا پر اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے فلم میں ہانیہ کی کارکردگی کو سراہا۔ ایک صارف نے لکھا، وہ لوگ کہاں ہیں جو کہتے تھے ہانیہ کو فلم سے نکال دیا گیا؟ ایک اور نے کہا، ہانیہ نے میرے ہمسفر سے غیر ملکی پنجابی سنیما تک اپنی صلاحیت کا لوہا منوایا ہے۔
کامیڈی سے بھرپور یہ فلم کی 27 جون کو مختلف ممالک میں ریلیز ہوگی۔ کئی رپورٹس میں یہ بھی کہا جارہا ہے کہ بھارت میں پاکستانی فنکاروں پر عائد نئی پابندیوں کے باعث یہ فلم بھارت میں ریلیز نہیں کی جارہی، تاہم اسے برطانیہ امریکا سمیت دیگر ممالک میں ریلیز کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ حالیہ پاک بھارت جنگ کے بعد پیدا ہونے والی کشیدگی کے باعث بھارت میں ایک مرتبہ پھر پاکستانی فنکاروں کے ساتھ کام کرنے پر پابندی لگا دی گئی ہے تاہم ہانیہ عامر پھر بھی ایک بھارتی پنجابی فلم میں جلوہ گر ہورہی ہیں۔

 

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔