فلموں کے مشہور عالمی اداکار
تحریر: کشف ناصر
اداکاری دنیا کا قدیم ترین فن ہے۔ یہ ایک ایسا فن ہے جس میں کوئی اداکار یا اداکارہ کسی خاص کردار کو بول کر، گا کر یا حرکت و عمل سے ریڈیو، تھیٹر یا فلم کے ذریعے پیش کرتے ہیں۔یوں تو تھیٹر سب سے قدیم ذریعہ ابلاغ رہا ہے.
1895 کا سال ایک انقلابی تبدیلی لایا جب لوگوں کو پہلی فلم دکھائی گئی گو کہ یہ فلم چند سیکنڈوں پر مشتمل تھی لیکن لوگوں کیلئے بالکل نئی تھی۔اس کی مقبولیت کے پیشِ نظر دنیا بھر میں بہت جلد فلم اسٹوڈیوز قائم کیے گئے۔ فلمیں بنانے کے عمل میں ترقی کی گئی۔ پہلے فلموں میں آواز کو ڈالا گیا پھر رنگوں کا اضافہ کیا گیا۔ اور آج فلموں کی شکل جو موجود ہے وہ ابتدائی فلموں سے بہت مختلف ہے۔ بات کی جائے اداکاوں کی تو دنیا میں بہت سے مشہور اداکار گزرے ہیں جنہوں نے بہت نام کمایا ہے اس آرٹیکل میں ہم ہالی ووڈ اداکاروں کی بات کریں گے جو دنیا بھر میں مشہور ہیں۔
ہالی ووڈ
امریکی فلم انڈسٹری کو ہالی ووڈ کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔ ہالی ووڈ دنیا کی کامیاب ترین فلم انڈسٹریز میں سرفہرست ہے۔ جس نے دنیا کو بہت سے مشہور اور قابل اداکار اور اداکارائیں دی ہیں۔ جن میں سے چند مشہور ترین شخصیات درج ذیل ہیں۔
چارلی چیپلن
فلموں کے مشہور عالمی اداکاروں کی بات کی جائے تو خاموش فلموں میں کام کرنے والے مزاحیہ کردار ادا کرنے والے چارلی چیپلن کا ذکر انتہائی ضروری ہے۔ ان کا مکمل نام ” سر چارلس سپینسر چارلی چیپلن” تھا۔ جوکہ 16 اپریل 1889 کو لندن میں پیدا ہوئے۔ وہ ایک مشہور مزاحیہ اداکار تھے۔چارلی چیپلین نے خاموش فلموں کے دور میں اپنی فلموں میں نہ صرف خود اداکاری کی بلکہ ان کے مصنف، خالق، ہدایتکار، پیشکار، اور بعد ازاں موسیقار بھی خود ہی تھے اور اس دور کے سب سے بااثر فلمی شخصیات میں سے تھے۔ چارلی چیپلن فرانس کی خاموش فلموں کے مزاحیہ اداکار میکس لنڈر سے بہت متاثر تھے۔ اس نے اپنی ایک فلم بھی میکس لنڈر کے نام کی۔ چیپلن کا تخلیقی کام 75 برس پر محیط ہے، جو اس کے بچپن میں ملکہ وکٹوریہ دور میں برطانوی اسٹیج اور موسیقی کے ہالوں سے شروع اور 88 برس کی عمر میں ان کی موت تک جاری رہا۔چیپلن کی اولین فلمیں مین سنیٹ کے کیسٹون سٹوڈیوز نے بنائی تھیں۔ ان فلموں میں چیپلن نے ٹریمپ کا کردار تخلیق کیا، فلمسازی کا فن سیکھا اور اس میں مہارت حاصل کی۔ لوگوں نے ٹریمپ کو پہلی مرتبہ اس وقت دیکھا جب 24 سالہ چیپلن 7 فروری 1914ء میں جاری ہونے والی فلم کڈ آٹو ریسز ایٹ وینس میں اس کردار کے طور پر آیا۔”دا ٹریمپ” ایک ایسا آوارہ گرد ہے جو اعلی اخلاقیات کا حامل ہے، اچھا لباس پہنتا ہے اور ایک شریف آدمی کی طرح باوقار ہے۔ اس کردار کی تخلیق کے لیے "فیٹی” آربکل نے اپنے وسیع و عریض پتلون اور اپنے سسر کی ڈربی ٹوپی مہیا کی۔ چیسٹر کانکلن نے چاک والا دمدار کوٹ دیا اور فورڈ سٹرلنگ سے 14 نمبر کے جوتے حاصل ہوئے۔ یہ جوتے اس قدر بڑے تھے کہ چارلی دایاں جوتا بائیں پاؤں پر اور بایاں دائیں پاؤں پر پہنتے تھے تاکہ یہ خود بخود اتر نہ جائیں۔ چارلی نے میک سوین سے حاصل کیے گئے مصنوعی بالوں سے مونچھیں تیار کیں۔ صرف چھڑی چیپلن کی اپنی تھی۔ ٹریمپ کا یہ کردار دنیا بھر کے سینما تماشائیوں میں جلد بے پناہ مقبول ہو گیا۔ یہ کردار فرانسیسی دنیا، اٹلی، اسپین، انڈورا، پرتگال، یونان، رومانیہ اور ترکی میں "چارلوٹ”، برازیل اور ارجنٹینا میں "کارلیٹوس”، اور جرمنی میں "ڈر ویگابانڈ” کے ناموں سے مقبول ہوا۔ چارلی چیپلن کی شاندار صحت انکی آخری فلم "اے کاؤنٹیس فرام ہانگ کانگ” کی تکمیل کے بعد 1960 کی دہائی کے اواخر میں گرنے لگی، اور 1972 میں انھیں اکیڈمی ایوارڈ ملنے کے بعد اس میں تیزی آگئی۔ 1977 میں انھیں بولنے اور چلنے پھرنے میں مشکل ہونے لگی اور انھوں نے وہیل چیئر کا استعمال شروع کر دیا۔ ویوی ، سویٹزرلینڈ میں 1977 کے کرسمس کے دن نیند میں ان کی موت واقع ہوگئی۔ لیکن ان کا کردار آج بھی دنیا میں زندہ ہے۔
ٹام کروز
ٹام کروز ایک مشہور امریکی اداکار ہیں جن کا اصل نام تھومس کروز میپوتھر ہے۔ وہ 3 جولائی 1962 کو نیویارک شہر میں پیدا ہوئے۔ ٹام کروز نے صرف 19سال کی عمر میں 1981ء میں فلم Endless Love کے ذریعے اداکاری کا آغاز کیا۔ اور بہترین اداکاری کی بدولت ٹام کروز بے شمار ایوارڈز حاصل کر چکے ہیں۔ٹام کروز نے ابتدا میں چھوٹے کرار ادا کیے۔ وہ مشہور ہدایتکار ٹونی سکاٹ مرحوم کی فلم ٹاپ گن سے معروف ہوئے جس نے باکس آفس پہ 176 ملین ڈالرز کا کاروبار کیا۔ان کی مشہور فلموں میں ” ٹیپس، ٹی آؤٹ سائیڈرز، آل دی رائٹ مووز، رسکی بزنس، لیجنڈ اور ٹاپ گن اور مشن امپاسبل سیریز کی چار فلمیں“ وغیرہ جیسی فلمیں شامل ہیں۔2012 میں ٹام کروز کو فوربس میگزین کی جانب سے سات کروڑ پچاس لاکھ ڈالر سالانہ کمائی کے ساتھ ہالی وڈ اداکاروں میں سر فہرست ہونے کا اعزاز ملا۔ ٹام کروز کو تین بار گولڈن گلوب سے نوازا جا چکا ہے۔
انجلینا جولی
انجلینا جولی ایک معروف امریکی اداکارہ ہیں جو 4 جون 1975 کو امریکہ کے شہر کیلیفورنیا میں پیدا ہوئیں۔ انجلینا جولی نے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز کم عمری سے ہی کردیا تھا۔ انجلینا جولی کے والد جان وائٹ بھی اداکار تھے۔ انجلینا 1982 میں بننے والی فل” lookin’ to get out” میں چائلڈ آرٹسٹ کے طور پر نظر آئیں اس فلم میں ہیرو کا مرکزی کردار ادا کرنے والے ان کے والد تھے ۔ ان کی پہلی فلم سائبرگ-2 ، 1993 میں منظر عام پر آئی جو کہ ایک کم بجٹ پروڈکشن کی فلم تھی۔ اسکے بعد انہوں نے دیگر فلموں جیسے ہیکرز، جارج ویلس، اور کیا جیسی فلموں میں مرکزی اور معاون اداکارہ کے طور پر کام کیا۔ 1999 میں فلم "ڈرامہ گرل” میں کام کیا جس کیلئے انہیں بہترین معاون اداکارہ کا اکیڈمی ایوارڈ دیا گیا۔ 2001 میں بننے والی فلم "لارا کرافٹ: ٹامب رائیڈر” میں انجلینا جولی نے مرکزی کردار ادا کیا جو ان کی وجہِ شہرت بنا اور ان کا شمار ہالی ووڈ کی بہترین اداکاراؤں میں ہونے لگا۔ جولی نے کم و بیش 50 سے زائد فلموں میں کام کیا ہے جن میں "وانٹڈ، سالٹ، شارک ٹیل، مسٹر اینڈ مسز اسمتھ اور میلفشنٹ جیسی فلموں میں کام کیا۔ اس کے علاوہ اینی میٹڈ فلم کُنگ فو پانڈا سیریز میں بھی کام کیا۔ انجلینا جولی اب تک تین گولڈن گلوب ایوارڈز ، دو گلڈ ایوارڈ اور ایک اکیڈمی ایوارڈ اپنے نام کر کی ہیں۔جولی بہترین اداکارہ ہونے کے ساتھ ساتھ بہترین انسان بھی ہیں اور انسانی فلاح و بہبود کے کاموں میں بھی سرگرم رہتی ہیں۔ انکی شہرت صرف ہالی ووڈ تک ہی محدود نہیں ہے بلکہ آج دنیا کے ہر کونے میں ان کا نام جانا جاتا ہے۔
لیونارڈو ڈی کیپریو
لیونارڈو ول ہیلم ڈی کیپریو جوکہ لیونارڈو ڈی کیپریو کے نام سے جانے جاتے ہیں ایک مشہور امریکی اداکار ہیں۔ ان کی پیدائش 11 نومبر 1974 کو کیلیفورنیا میں ہوئی ۔ انہوں نے اپنے کیریئر کا آغاز اشتہارات سے کیا۔ انہوں نے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز ایک کم بجٹ کی فلم "کرٹرز-3” سے کیا۔ جو کہ لیونارڈو کے مطابق ان کے کیریئر کی بدترین فلم تھی۔ 1992 میں "پوائزن آئی وی فلم سیریز” میں کام کیا جس کے بعد انہیں فلم "دز بوائز لائف” میں مرکزی کردار ادا کرنے کی پیشکش کی گئی۔ 1993 میں انہوں نے فلم "واٹس ایٹنگ گلبرٹ گریپ” میں کو-اسٹار کے طور پر کام کیا۔فلم نے باکس آفس پر دھوم مچادی تھی۔ 1997 میں بننے والی فلم "ٹائیٹینک” میں ہیرو کا مرکزی کردار ادا کیا فلم کی ہیروئن کیٹ ونسلیٹ تھیں یہ فلم اس وقت کی بننے والی سب سے مہنگی ترین فلم تھی ایک طرف اس فلم نے باکس آفس کے تمام ریکارڈ توڑ کر ایک نیا ریکارڈ قائم کیا وہیں دوسری طرف ڈی کیپریو دنیا بھر میں مشہور اداکار بن گئے۔ انہوں نے 40 سے زیادہ فلموں میں کام کیا ہے جن میں ” رومیو-جولیٹ، سلیبرٹی، کیچ میں اف یو کین، ریڈ رائڈنگ ہڈ، دی ایوی ایٹر، گارڈن آف ایڈن اور دوسری بہت سی مشہور فلمیں شامل ہیں۔ لیونارڈو نے چھوٹے بڑے 99 ایوارڈز جیتے ہیں جس میں 3 گولڈن گلوب ایوارڈ بھی شامل ہیں۔
سکارلٹ جانسن
سکارلٹ جانسن 22 نومبر 1982 کو نیویارک میں پیدا ہوئیں۔ انہوں نے اپنے کیریئر کا آغاز 1996 میں بننے والی فلم "مینی اینڈ لو” سے کیا۔گو کہ اس سے پہلے وہ بہت سی فلموں میں بچوں کے کردار ادا کرتی رہی تھیں۔ اسکے علاوہ انہوں نے بہت سی فلموں جیسے "ہوم الون-3” اور "فال” جیسی فلموں میں چھوٹے موٹے رول بھی ادا کئے ہیں۔ 1998 میں ناول پر مبنی فلم "دی ہورس وسپر” سے اسکارلٹ جانسن کو پذیرائی ملی۔ 2010 میں مارول سینیمیٹک یونیورس کے بینر تلے بننے والی فلم "آئرن مین-2″ میں بلیک وڈو کا کردار ادا کیا جس میں ان کے کردار کو سراہا گیا بعد ازاں 2011 میں ” دی ایونجرز ” میں بھی بلیک وڈو کا کردار ادا کیا۔ فلم نے باکس آفس کے تمام ریکارڈ توڑ کر نئے ریکارڈ قائم کیے اور دنیا کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلموں کی فہرست میں تیسرے نمبر پر شامل ہوگئی۔ 2013 میں فلم "ہر” میں کام کیا اور پذیرائی حاصل کی یہ فلم سال 2013 کی بہترین فلموں میں شامل کی گئی۔ سکارلٹ نے اب تک 60 سے زیادہ فلموں میں کام کیا ہے۔ ان کی فلمیں دنیا بھر میں سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلموں میں شامل ہیں۔ 2018 اور 2019 میں وہ سب سے زیادہ معاوضہ لینے والی اداکارہ رہی ہیں۔ سکارلٹ نے کم و بیش 139 ایوارڈز اب تک اپنے نام کئے ہیں۔
وِل سمتھ
ولارڈ کیرول اسمتھ جنہیں ول اسمتھ کے نام سے بھی جانا جاتا ہے ، ایک امریکی اداکار ، ریپر اور میڈیا کی شخصیت ہیں۔ ول 25 ستمبر 1968 کو امریکہ کے شہر پینسلوینیا میں پیدا ہوئے۔ 2007 میں وِل کو ہالی ووڈ کا سب سے طاقتور اداکار کے طور پر پیش کیا گیا۔ ول سمتھ نے اپنے فلمی سفر کا آغاز 1992 میں۔ فلم ” ہارٹ بریک ڈاؤن” سے کیا۔ ول اب تک 50 کے قریب فلموں میں کام کر چکے ہیں جن میں زیادہ تر فلمیں باکس آفس پر کامیاب رہی ہیں ان فلموں میں ” مین ان بلیک سیریز، علی، الٰہ دین، بیڈ بوائز” جیسی فلمیں شامل ہیں ۔ ول اسمتھ زیادہ تر ایکشن اور کامیڈی کردار ادا کرتے نظر آتے ہیں۔ دنیا بھر میں ان کے بہت سے شائقین موجود ہیں۔ ول اسمتھ کی فلمیں باکس آفس پر کامیاب رہتی ہیں اور دنیا بھر میں انہیں پسند کیا جاتا ہے۔ 2014 تک ، 21 فلموں میں سے جن میں ول نے اہم کردار ادا کیا ہے ، نے دنیا بھر میں مجموعی طور پر 100 ملین سے زیادہ کی کمائی حاصل کی ہے ، جب کہ عالمی باکس آفس میں 500 ملین ڈالر سے زیادہ کی آمدنی ہوئی ہے۔ 2016 تک ، ان کی فلموں نے عالمی باکس آفس پر 7.5 بلین ڈالر کی کمائی کی ہے۔ انہوں نے بہت سے ایوارڈز اپنے نام کئے ہیں۔
ایما واٹسن
ایما شارلیٹ ڈیوری واٹسن 15 اپریل 1990 کو فرانس کے شہر پیرس میں پیدا ہوئیں۔ ایما ایک برطانوی اداکارہ، ماڈل اور سماجی کارکن ہیں۔انہوں نے ہیری پوٹر فلمی سلسلہ میں اپنے مرکزی کردار ہرمائنی گرینجر کے ذریعے فلمی شہرت کے سفر کا آغاز کیا اور وہ 2001ء سے 2011ء تک ہیری پوٹر سلسلے کی تمام آٹھوں فلموں میں جلوہ گر ہوئیں۔ اس سے قبل انھوں نے صرف اسکول ڈراموں میں اداکاری کی تھی۔ہیری پوٹر سلسلے نے ایما واٹسن کو عالمی شہرت کی حامل اداکارہ بنادیا اور ناقدین کی ستائش کے ساتھ ساتھ انھیں 10 ملین یورو سے زیادہ رقم حاصل ہوئی۔ انھوں نے اس سلسلے کے علاوہ بھی اداکاری جاری رکھی۔ سب سے پہلے ایما نے دی ٹیل آف ڈیسپریاکس میں صداکاری کی اور جب ناول بیلے شوز کو ٹیلی ویژن کے لیے ڈھالا گیا تو اس کا حصہ بھی رہیں۔ اس وقت سے، ایما کئی فلمیں کرچکی ہیں۔ 2017 میں انہوں نے ڈزنی فلمز کے بینر تلے بننے والی فلم "بیوٹی اینڈ دا بیسٹ” میں مرکزی کردار ادا کیا جسے دنیا بھر میں شائقین نے بہت پسند کیا۔
کیٹ ونسلیٹ
فلم "ٹائیٹینک” سے عالمی شہرت حاصل کرنے والے اداکارہ کیٹ کا مکمل نام کیٹ الزبتھ ونسلیٹ ہے۔ وہ 5 اکتوبر 1975 کو برطانیہ میں پیدا ہوئیں۔ انہیں بچپن ہی سے اداکاری کا بہت شوق تھا۔ اور وہ دس سال کی عمر سے تھیٹر سے وابستہ رہی ہیں۔ انہوں نے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز 1994 میں بننے والی فلم ” ہیونلی کریچر” سے کیا جس میں ان کے کام کو خوب سراہا گیا۔ لیکن 1997 میں فلم ٹائیٹینک کے بعد سے جو شہرت انہیں حاصل ہوئی بہت کم کسی کو حاصل ہوتی ہے۔ یہ فلم نہ صرف باکس آفس پر سپر ہٹ رہی بلکہ دنیا بھر میں سارے ریکارڈ توڑ دئیے۔ انہوں نے 50 کے قریب فلموں میں کام کیا ہے جن میں "کرسمس کیرول، ڈیپ سی 3ڈی، لٹل چلڈرن، ہالیڈے، لیبر ڈے، اسٹیو جابز، دی ماؤنٹین بٹوین اس” جیسی فلمیں شامل ہیں۔ انہیں بہت سے ایوارڈز سے نوازا جاچکا ہے
ڈینئیل کریگ
ڈینئیل راؤٹن کریگ مشہور فلمی کردار جیمس بونڈ کے نام سے مشہور ہیں۔ وہ 2 مارچ 1968 کو برطانیہ میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے بہت سی امریکی فلموں اور ڈراموں میں کام کیا۔ مگر 2006 میں بننے والی فلم ” کیسینو رائل” میں جیمس بانڈ کا کردار ادا کرنے کے بعد انہیں دنیا بھر میں شہرت ملی۔ جیمس بانڈ سیریز کے ساتھ انہوں نے اور بہت سی مشہور فلموں میں کام کیا ہے جن میں ” لو اینڈ ریج، ہوٹل سپلینڈڈ، اینڈیورنگ لو، دی جیکٹ، گولڈن کمپاس، سکائی فال، ہیپی اینڈ گلوریس، کنگز اور دیگر فلمیں شامل ہیں۔ انہوں نے تقریباً 12 ایوارڈ اپنے نام کئے ہیں۔
جیکی چین
جیکی چین کا اصل نام چین کانگ سینگ ہے وہ 7 اپریل 1954 کو ہانگ کانگ میں پیدا ہوئے۔ چین ہانگ کانگ اور ہالی ووڈ کے ایک ایکشن اور کامیڈی اداکار، کوریوگروفر، پروڈیوسر، ہدایت کار، اسکرپٹ رائٹر، موسیقار اور مارشل آرٹ اسٹنٹ آرٹسٹ ہیں۔ اپنی فلموں میں، وہ اپنی مزاحیہ اداکاری، قلابازیوں، لڑنے کے انداز، مارشل آرٹس کے استعمال اور نئے نئے کرتب کے لیے مشہور ہیں۔ جیکی چین سن 1970ء کی دہائی سے اداکاری کر رہے ہیں۔ اور 100 سے زیادہ فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھاچکے ہیں۔ ہانگ کانگ ایونیو آف اسٹار اور ہالی وڈ واک آف فیم پر جیکی چین کو اسٹار ملے ہیں۔ ایک ثقافتی علامت کے طور پر جیکی چین پرمختلف پوپ گیتوں، کارٹون اور ویڈیو گیم بھی بنائے جاچکے ہیں۔ جیکی چین نے ان گنت البموں کو ریلیز کیا ہے اور آپ نے بہت سی فلموں کے لیے موضوعاتی نغمے (تھیم سانگ) بھی گائے ہیں۔ ان کے مداح دنیا بھر میں موجود ہیں۔