اسلحے کی نمائش پر ٹک ٹاکر کاشف ضمیر نے معافی مانگ لی

لاہور: تنازعات کی زد میں رہنے والے مشہور ٹک ٹاکر کاشف ضمیر نے ہتھیاروں کی نمائش پر معافی مانگ لی، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔
لاہور سے تعلق رکھنے والے ٹک ٹاکر کاشف ضمیر نے سرِعام ہتھیاروں اور ڈالا کلچر کی نمائش پر عوام سے معافی مانگ لی۔ انہوں نے ایک ویڈیو بیان میں اعتراف کیا کہ ان کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جس میں وہ اسلحے سے لیس گارڈز کے ساتھ سڑکوں پر گشت کرتے دکھائی دیے، جس سے عوام میں خوف و ہراس پھیلا۔
کاشف ضمیر نے اپنے بیان میں اس عمل کو بے وقوفی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی اس حرکت سے لوگوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے وعدہ کیا کہ آئندہ وہ نہ تو کسی قسم کی اسلحہ نمائش کریں گے اور نہ ہی ڈالے کلچر کو فروغ دیں گے۔ ٹک ٹاکر نے اس حرکت پر تہہ دل سے معذرت کی اور عوام سے معافی طلب کی۔
خیال رہے کہ کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ نے کاشف ضمیر کو ایک روز قبل اسلحے کی نمائش اور ڈالے پر سوار ہو کر گارڈز کے ہمراہ ویڈیوز شیئر کرنے پر حراست میں لیا تھا۔ ان پر اسلحہ کی نمائش سمیت مختلف دفعات کے تحت مقدمات درج کیے گئے تھے۔
دھیان رہے کہ کاشف ضمیر کو اس سے قبل اپریل میں بھی پولیس کی وردی کا مذاق اڑانے پر گرفتار کیا جاچکا ہے۔