ٹک ٹاک کے شوق نے سیکیورٹی گارڈ کی جان لے لی!
کراچی: شہر میں نوجوان سیکیورٹی گارڈ نے وائرل ہونے کے شوق میں اپنی جان گنوادی۔
گلشن معمار کی فلور ملز میں تعینات 20 سالہ سیکیورٹی گارڈ ویڈیو بنانے کے دوران ریپیٹر کا فائر چل جانے سے جاں بحق ہوگیا۔
پولیس کا کہنا ہے نوجوان سیکیورٹی گارڈ ٹک ٹاک پر ویڈیو بنارہا تھا کہ گولی چل گئی، جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ جاں بحق سیکیورٹی گارڈ اسلحہ میں گولی ڈالتا ہے اور اپنے سینے پر رکھ دیتا ہے اور ویڈیو بنانے والا سیکیورٹی گارڈ بھی اس ہی کمپنی کا ہے۔
پولیس نے ویڈیو بنانے والے سیکیورٹی گارڈ کو حراست میں لے لیا جس نے بیان دیا ہے کہ جس اسلحہ سے فائر کیا گیا وہ چلتا نہیں تھا لیکن ویڈیو بناتے ہوئے اسلحہ اچانک چل گیا۔
پولیس کے مطابق جاں بحق سیکیورٹی گارڈ کا آبائی تعلق سانگھڑ سے تھا جو 15 روز قبل کمپنی میں بھرتی ہوا تھا، ورثا نے لاش کا پوسٹ مارٹم کرانے سے انکار کردیا۔