بغیر اجازت حج کی کوشش کرنے والوں پر ایک لاکھ ریال جرمانہ ہوگا
ریاض: سعودی عرب کی حکومت کی جانب سے حج کے اصول و ضوابط کی خلاف ورزی پر مزید جرمانے عائد کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
العربیہ نیوز کے مطابق سعودی حکومت نے خبردار کیا ہے کہ بغیر اجازت حاصل کیے حج کی کوشش کرنے والے ملکی اور غیر ملکی شہریوں کو ایک لاکھ ریال جرمانہ ہوسکتا ہے۔
وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں کیا گیا ہے کہ مکہ معظمہ کے مرکزی علاقے، حرمین حرم مکی، حرمین ٹرین اسٹیشن الرصیفہ اور مرکزی سیکیورٹی کنٹرول سینٹرمیں کوئی بغیر اجازت نامے کے پکڑا پایا گیا تو اسے گرفتار بھی کیا جائے گا اور جرمانہ بھی عائد ہوگا۔
بیان میں خبردار کیا گیا ہے کہ غلطی دہرانے کی صورت میں جرمانہ دگنا ہوجائے گا جس کا مقصد حج کے طریقہ کار پر عمل درآمد کو یقینی بنانا اور جعلی حج کی کوششوں کو ناکام بنانا ہے۔
حاجیوں سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ مقمات مقدسہ پر آنے سے قبل بتائے گئے طریقہ کار عمل کرتے ہوئے اجازت نامہ حاصل کرلیں، تاکہ کسی قسم کی بے نظمی کا سامنا نہ ہو۔
خیال رہے کہ رواں برس دنیا بھر سے حاجیوں کی ریکارڈ تعداد کے سعودی عرب آنے کی امید ہے۔ زیادہ سے زیادہ افراد کو سہولتیں فراہم کرنے اور حج کی سعادت کو یقینی بنانے کے لیے سخت اصول و ضوابط بنائے گئے ہیں۔