کراچی میں آج سے منگل تک گرمی میں اضافے کا امکان
کراچی: شہر قائد سمیت سندھ اور بلوچستان کے بعض علاقوں میں درجہ حرارت میں اضافے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔
موسمیاتی تجزیہ کار کے مطابق بحیرۂ عمان کے ساحل کے قریب اینٹی سائیکلونک گردش موجود ہے، جس کے باعث سمندری ہوائیں متاثر ہونے کا امکان ہے۔
موسمیاتی تجزیہ کار نے بتایا کہ سندھ اور بلوچستان کے بعض علاقوں میں درجہ حرارت میں اضافہ ہوسکتا ہے جب کہ کراچی میں بھی آج سے منگل تک درجہ حرارت میں اضافہ متوقع ہے۔
اس دوران کراچی کے مختلف علاقوں میں زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 37 سے 39 ڈگری سینٹی گریڈ تک جاسکتا ہے جب کہ نمی کم ہونے کے باعث درجۂ حرارت کی شدت 38 سے 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک ہوسکتی ہے۔
موسمیاتی تجزیہ کار کے مطابق گرمی کی یہ لہر ہیٹ ویو نہیں، شام یا رات کے وقت ہلکی رفتار سے سمندری ہوائیں دوبارہ بحال ہوجائیں گی، اپریل کے آخر یا مئی کے آغاز میں سندھ سمیت کراچی میں دوبارہ بارشوں کا امکان ہے۔