امریکا کا جنگ زدہ علاقوں میں 23 بے گناہ شہریوں کی ہلاکتوں کا اعتراف
واشنگٹن: 2020 میں جنگ زدہ علاقوں میں 23 شہریوں کی ہلاکت کا امریکا نے اعتراف کرلیا۔ عالمی اداروں نے ہلاکتوں کی تعداد اس سے کہیں زیادہ بتائی ہے۔
پینٹاگون کی سالانہ رپورٹ جاری کی گئی ہے، جس میں امریکا نے 2020 میں جنگ زدہ علاقوں میں 23 شہری ہلاکتوں کا اعتراف کیا ہے، امریکی دفاعی ادارے پینٹاگون نے ہلاکتوں کی تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ شہری اموات عراق، افغانستان، نائیجیریا، صومالیہ اور یمن میں ہوئیں، ان ممالک میں دس شہری زخمی بھی ہوئے۔
پینٹاگون کے مطابق 2020 میں امریکی کارروائیوں میں 20 افغان شہری مارے گئے، ایک شہری نائیجیریا، ایک صومالیہ اور ایک عراق میں ہلاک ہوا۔ پینٹاگون نے ان اموات کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ شہری اموات جنگی مشنز کے دوران غیرارادی طور پر ہوئیں۔ امریکی کانگریس نے 30 لاکھ ڈالر ہلاک شدگان کے خاندانوں کے لیے مختص کیے جو پینٹاگون نے ابھی تک متاثرہ خاندانوں تک نہیں پہنچائے۔
انسانی حقوق کے اداروں ایمنسٹی انٹرنیشنل اور اقوام ِمتحدہ کے ذیلی اداروں کی رپورٹس کے مطابق جنگ زدہ علاقوں میں امریکی کارروائیوں میں شہری اموات کی تعداد اس سے 5 گنا زیادہ ہے۔ رپورٹس میں کہا گیا کہ 2020 میں امریکی فوج کے حملوں میں کم ازکم 102 شہری مارے گئے۔