نئے چیف جسٹس کیلئے رجسٹرار سپریم کورٹ نے پارلیمانی کمیٹی کو 3 نام بھیج دیے

اسلام آباد: رجسٹرار سپریم کورٹ نے نئے چیف جسٹس آف پاکستان کی تعیناتی کے لیے تین نام پارلیمانی کمیٹی کو بھیج دیے۔
ذرائع کے مطابق تین سینئر ججز کے نام پارلیمانی کمیٹی کو بھجوائے گئے ہیں، جن میں موسٹ سینئر جسٹس منصور ہیں اور ان کے بعد جسٹس منیب اور جسٹس یحییٰ آفریدی ہیں۔
پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس آج (منگل) شام 4 بجے طلب کیا گیا ہے۔
خصوصی پارلیمانی کمیٹی کیلئے سینیٹ سے چار نامزد ارکان جمعیت علمائے اسلام (ف) کے کامران مرتضیٰ، پیپلز پارٹی کے فاروق ایچ نائیک، مسلم لیگ ن کے اعظم نذیر تارڑ جب کہ پی ٹی آئی کے بیرسٹر علی ظفر شامل ہیں۔
اسی طرح خصوصی پارلیمانی کمیٹی کے لیے قومی اسمبلی کے 8 اراکین میں مسلم لیگ ن کے خواجہ آصف، احسن اقبال اور شائستہ پرویز شامل ہیں۔
پیپلز پارٹی کے راجہ پرویز اشرف اور نوید قمر جب کہ تحریک انصاف کی جانب سے بیرسٹر گوہر اور صاحبزادہ حامد رضا اور متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی رعنا انصار بھی خصوصی پارلیمانی پارٹی کا حصہ ہیں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔