پاکستان میں رمضان کا چاند نظر آگیا، کل پہلا روزہ ہوگا

پشاور: رمضان کا چاند نظر آگیا ہے اور کل 19 فروری کو پاکستان میں پہلا روزہ ہوگا۔
چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے چاند نظر آنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے مختلف حصوں میں رمضان کا چاند نظر آگیا ہے، کل بروز جمعرات 19 فروری 2026 کو یکم رمضان المبارک 1447 ہجری ہوگی۔
مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس پشاور میں ہوا، جس کی صدارت چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے کی۔
اجلاس میں ڈی جی وزارت مذہبی امور حافظ عبدالقدوس، سپارکو کے نمائندے شوکت اللہ، محکمہ موسمیات کے نمائندے ڈاکٹر حسن علی بیگ اور وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سے زین العابدین شریک ہوئے۔
پشاور کے علاوہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور دیگر صوبائی دارالحکومتوں میں بھی زونل کمیٹیوں کے اجلاس ہوئے۔
ممبر مرکزی رویت ہلال کمیٹی مفتی عتیق اللہ کے مطابق چاند دیکھنے کی 5 شہادتیں سب سے پہلے اپر دیر سے موصول ہوئیں، ضلع مہمند سے بھی 6 شہادتیں زونل رویت ہلال کمیٹی پشاور کو موصول ہوئیں۔
مفتی عتیق اللہ کے مطابق مرکزی رویت ہلال کمیٹی کو 40 شہادتیں موصول ہوئی ہیں۔
اجلاس سے قبل چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے عوام سے ماہ رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ان شاء اللہ اس سال بھی ملک بھر میں ایک ساتھ رمضان کا آغاز ہوگا۔
دوسری جانب بنگلادیش اور بھارت میں بھی رمضان المبارک کا چاند نظر آگیا ہے اور وہاں بھی کل 19 فروری کو پہلا روزہ ہوگا۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔