عوام حقوق کیلئے کھڑے نہ ہوں، اس لیے مسائل میں اُلجھاکر رکھاجاتا ہے، فضیلہ قاضی

کراچی: سینئر اداکارہ فضیلہ قاضی کا کہنا ہے کہ انہیں حکومت، معیشت اور کرکٹ سے کوئی خاص امید نہیں رہی۔
نجی ٹی وی پر ایک پروگرام کے دوران گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لوگ آج کل اپنے زورِ بازو پر زندگی گزارنے پر مجبور ہیں، کیونکہ بنیادی سہولتیں بھی میسر نہیں۔ جس شخص کے بچوں کو کھانا نہیں مل رہا، وہ سب سے پہلے ان کا پیٹ بھرنے کے بارے میں سوچے گا، ایسے میں وہ اپنے حقوق کے لیے آواز کیسے اٹھائے گا۔
فضیلہ قاضی نے مزید کہا کہ عوام کو مسائل میں الجھا کر رکھا جاتا ہے تاکہ وہ اپنے حقوق کے لیے کھڑے نہ ہوں، کیونکہ اگر انہیں تمام سہولتیں فراہم کردی جائیں تو وہ سوال کرنا شروع کردیں گے۔
انہوں نے اپنی مثال دیتے ہوئے بتایا کہ وہ ایک پوش علاقے میں رہتی ہیں، لیکن اس کے باوجود گیس اور پانی جیسی بنیادی سہولتیں دستیاب نہیں۔ ان کے مطابق بارش کے بعد سے گیس غائب ہے جب کہ پانی ٹینکر کے ذریعے حاصل کرنا پڑتا ہے اور بجلی کے بھاری بل الگ سے آتے ہیں۔
فضیلہ قاضی نے کہا کہ پہلے گیس دستیاب ہوتی تھی اور بل بھی کم آتا تھا، مگر اب صورت حال اس کے برعکس ہوچکی ہے، بل زیادہ ہیں لیکن سہولت موجود نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اب وہ اپنی امیدیں صرف اللہ سے وابستہ رکھتی ہیں اور شکر ادا کرتی ہیں کہ سانس اور رزق کا اختیار اللہ کے پاس ہے، ورنہ حالات ایسے ہیں جیسے لوگوں کو جینے کا حق بھی مشکل سے مل رہا ہو۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔