اپوزیشن لیڈر نے کشمیر میں ریفرنڈم کروانے کا وزیراعظم کا بیان مسترد کر دیا
لاھور:پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے آزاد کشمیر میں ریفرنڈم کروانے کا وزیراعظم عمران خان کا بیان مسترد کر دیا۔
وزیراعظم عمران خان کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عمران نیازی آزاد کشمیر میں ریفرنڈم کی بات کر کے پاکستان کے تاریخی اور آئینی مؤقف سے انحراف کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ تنازع جموں و کشمیر پر پاکستان کے تاریخی مؤقف اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں سے ہٹ کر مؤقف کو پوری قوم مسترد کرتی ہے۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ عمران نیازی کے بیان سے وہ خدشات ثابت ہو گئے ہیں جو 5 اگست 2019 کے بھارتی اقدامات سے قوم کے سامنے پہلے ہی آچکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تنازع جموں و کشمیر کا فیصلہ اقوام متحدہ کی نگرانی میں شفاف، آزادانہ استصواب رائے کے ناقابل تنسیخ حق سے ہو گا، پاکستان اور کشمیر کے عوام کا یہی مؤقف ہے۔
قائد حزب اختلاف کا کہنا تھا کہ کشمیریوں کی مرضی اور مشاورت کے بغیر کوئی حل ان پر مسلط کرنا بھارت کی مدد کرنا اور کشمیر کاز سے غداری کے مترادف ہے