پٹرول کی قیمت میں اضافہ عوام کی کمر توڑ کر رکھ دے گا، شاہد آفریدی
اسلام آباد: اسٹار آل رائونڈر اور پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کا ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر ردعمل سامنے آگیا۔
شاہد آفریدی نے ایکس پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ کچھ شرپسند عناصر میری پرانی ویڈیو شیئر کرکے غلط تاثر دینے کی کوشش کررہے ہیں کہ میں پٹرول کی قیمتوں میں اضافے کا دفاع کررہا ہوں۔
سابق کپتان نے کہا کہ حقیقت یہ ہے یہ ویڈیو حالیہ اضافے سے پہلے بنائی گئی تھی۔ یہ صرف توانائی کی بچت اور کم استعمال کے بارے میں آگاہی ویڈیو تھی، جو وزارتِ اطلاعات کی درخواست پر تیار کی گئی۔
شاہد آفریدی نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ پسے ہوئے عوام کی کمر توڑ کر رکھ دے گا، جس کا دفاع ممکن نہیں۔
خیال رہے کہ حکومت نے پٹرول 137 روپے 24 پیسے اور ڈیزل 184 روپے 49 پیسے فی لیٹر مہنگا کردیا ہے۔