حکومت نے 10 نئے ڈیم بنانے کا فیصلہ کیا ہے، وزیر اعظم
اسلام آباد:وزیر اعظم عمران خان نے اعلان کیا ہے کہ حکومت نے 10 نئے ڈیم بنانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
تربیلا ڈیم کے پانچویں توسیعی منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ حکومت سولر اور ہائیڈرو پاور سے بجلی بنائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ ہم ایسی بجلی بنائیں گے جس سے موسم پر اثر نہ پڑے۔
انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی کا مسئلہ پوری دنیا کو درپیش ہے، گلوبل وارمنگ کی وجہ سے اب ایسے مقامات پر بھی آگ لگ رہی ہے جو تاریخ میں کبھی نہیں دیکھے گئے۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ‘اس کے علاوہ اس طرح کے سیلاب بھی دیکھے جارہے جو کبھی تاریخ میں نہیں دیکھے گئے، دنیا میں سب سے زیادہ درجہ حرارت جیکب آباد میں ریکارڈ کیا گیا’۔
ان کا کہنا تھا کہ ‘ان وجوہات کو مدنظر رکھتے ہوئے ضروری ہے کہ ہم ایسی بجلی بنائیں کہ جس سے گلوبل وارمنگ پر اثرات نہ پڑیں’۔
انہوں نے کہا کہ کوشش ہے کہ 2030 تک اپنی زیادہ تر بجلی کو ایندھن جلاکر نہ بنائیں بلکہ پانی، ہوا اور دیگر ذرائع کو استعمال کریں۔
عمران خان نے بتایا کہ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ آئندہ 10 سالوں میں پاکستان میں 10 ڈیم بنائے جائیں گے۔۔
ان کا کہنا تھا کہ آبادی کے بڑھنے کی وجہ سے پانی کی بھی کمی آرہی ہے، ہم اس کا ذخیرہ کریں گے تو عوام کو پانی پہنچاسکیں گے۔
انہوں نے کہا کہ 2025 میں مہند ڈیم تیار ہوجائے گی، 2028 میں بھاشا ڈیم تیار ہوجائے گی اور اس طرح آہستہ آہستہ ہم آنے والی نسلوں کا مستقبل کو تحفظ فراہم کرسکیں گے۔