ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کھیلنا ہدف ہے، محمد عرفان
اسلام آباد: قومی کرکٹ ٹیم کے دراز قد فاسٹ بولر محمد عرفان کا کہنا ہے کہ اس وقت میرا ایک ہی ہدف ہے کہ میں پاکستان کرکٹ ٹیم میں کم بیک کروں اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں قومی اسکواڈ کا حصہ بنوں ۔
7 فٹ ایک انچ قد و قامت کے مالک محمد عرفان نے آخری مرتبہ نومبر 2019 ء میں کینبرا میں قومی ٹیم کی آسٹریلیا کے خلاف نمائندگی کی جبکہ ستمبر 2016 ء میں انہوں نے اپنا آخری ون ڈے میچ لیڈز کے مقام پر انگلینڈ کے خلاف کھیلا تھا۔
محمد عرفان پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل ) کے بعد اب آف سیزن میں اپنی فٹنس پر کام کر رہے ہیں ، وہ تسلیم کرتے ہیں کہ فٹنس میں کمزور ہوں اس لیے آف سیزن اپنی فٹنس کو بہتر کرنے پر فوکس کیا ہے ۔
فاسٹ بولر نے کہاکہ اس وقت میرا ایک ہی ہدف ہے کہ پاکستان ٹیم میں واپسی کرنا ہے اور وہ یہ کرسکتے ہیں اس کے لیے فٹنس کو مزید بہتر بنا رہے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کھیلنا چاہتا ہوں کیونکہ ورلڈ کپ متحدہ عرب امارات میں ہو رہا ہے اور میں متحدہ عرب امارات میں زیادہ کامیاب ہو سکتا ہوں ۔
عرفان نے بتایا کہ میں نے 2015 ي میں ون ڈے ورلڈ کپ کھیلا ہے جبکہ 2016 ء کا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ بھی کھیل چکا ہوں اب میں پھر ورلڈ کپ کھیلنا چاہتا ہوں اور اس کے لیے میں بہت محنت کر رہا ہوں۔
محمد عرفان کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل میں کارکردگی اچھی رہی ہے بس مجھے فٹنس میں تھوڑی کمی محسوس ہو ئی ، میرا دیگر لیگز کے ساتھ بھی معاہدہ ہے وہ بھی میں کھیلوں گا ۔
فاسٹ بولر کا کہنا ہے کہ خوشی ہے پاکستان کے پاس بہت فاسٹ بولر آ رہے ہیں اور نوجوان فاسٹ بولرز میں بہت مقابلہ ہے، انہیں گروم کرنا چاہیے لیکن میرا قد کی وجہ سے کسی سے مقابلہ نہیں ہے ، مجھے خود پر اعتماد ہے کہ میں واپس آ سکتا ہوں اور پاکستان کے لیے مزیداچھا کر سکتا ہوں ۔
واضح رہے کہ محمد عرفان آج کل لاہور کے مقامی جم میں اپنے انفرادی ٹرینر کے ساتھ 2 گھنٹے فزیکل ٹریننگ کرتے ہیں