پی آئی اے کی نجکاری کا پہلا مرحلہ مکمل، 3 بولیاں جمع
اسلام آباد: پی آئی اے کی نج کاری کا پہلا مرحلہ مکمل ہوگیا۔ تین بولیاں جمع کرادی گئی ہیں۔
قومی ایئر لائن کی خریداری کے لیے تین پری کوالیفائیڈ بڈرز نے بولیاں جمع کرادیں، بڈرز کی بولیاں سہ پہر ساڑھے تین بجے کھولی جائیں گی، پرائیویٹائزیشن کمیشن بورڈ کے اجلاس میں ریفرنس قیمت طے کی جائے گی۔
ریفرنس قیمت طے ہونے کے بعد کابینہ کمیٹی برائے نج کاری کے اجلاس میں ریفرنس پرائس کی مظوری دی جائے گی۔
مشیر نج کاری محمد علی نے بڈنگ کا پہلا مرحلہ مکمل ہونے کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قومی ایئرلائن کی فروخت کے لیے بڈنگ کا پہلا مرحلہ مکمل ہوچکا، اب ہم پی سی بورڈ کے پاس جائیں گے، پی سی بورڈ قومی ایئرلائن ریزرو پرائس کو دیکھے گا، ریزرو پرائس کا کسی کو بھی نہیں پتا، ریزرو پرائس بورڈ سے منظوری کے بعد کابینہ کمیٹی کے پاس جائے گی۔
مشیر نج کاری کا کہنا تھا کابینہ کمیٹی ریزرو پرائس کے حوالے سے حتمی منظوری دے گی، بہت بڑا مرحلہ ہے، 20 سال سے کوئی بڑی نج کاری نہیں ہوئی۔