سڈنی ساحل پر حملہ کرنے والے باپ، بیٹا اور داعش کے وفادار تھے، آسٹریلوی میڈیا
کینبرا: آسٹریلوی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ بونڈی بیچ پر حملہ کرنے والے ملزمان داعش کے وفادار تھے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بونڈی بیچ پر حملہ کرنے والے ایک حملہ آور سے 6 سال قبل داعش سے روابط کے شبے میں تحقیقات بھی کی گئیں، حملہ آور آسٹریلین انٹیلی جنس ایجنسی کی نظروں میں تھا۔
آسٹریلوی میڈیا کے مطابق جوائنٹ کاؤنٹر ٹیررازم ٹیم کا خیال ہے کہ نوید اکرم اور ساجد اکرم نے داعش سے وفاداری کا عہد کیا تھا، بونڈی بیچ پر ان کی گاڑی میں داعش کے دو جھنڈے ملے ہیں۔
آسٹریلوی میڈیا کا بتانا ہے کہ نوید اکرم پولیس کی نگرانی میں اسپتال میں زیر علاج ہے جب کہ اس کے والد کو پولیس کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں ہلاک کردیا گیا ہے۔
گزشتہ روز آسٹریلیا کے شہر سڈنی کے ساحل پر مسلح افراد نے شہریوں پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 16 افراد ہلاک اور40 زخمی ہوگئے، تاہم پولیس کی جوابی کارروائی میں فائرنگ کرنے والا ایک شخص مارا گیا اور دوسرے حملہ آور کو زخمی حالت میں حراست میں لے لیا گیا۔
نیو ساؤتھ ویلز پولیس نے واقعے سے متعلق پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ ساحل پر یہودیوں کی تقریب کے دوران فائرنگ کرنے والے دونوں حملہ آور باپ بیٹا تھے جن میں سے ایک ہلاک ہوگیا جب کہ دوسرا حملہ آور شدید زخمی حالت میں ہے۔