انٹربینک میں ڈالر کو جھٹکا ، قدر میں20 پیسے کی کمی
انٹربینک میں ڈالر کی قدر میں 20 پیسے کمی ، فاریکس ڈیلرزکے مطابق انٹربینک میں ڈالر 172.60 روپے کا ہوگیا۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں 100 انڈیکس میں 226 پوائنٹس کا اضافہ ہوا، جبکہ کاروبار کےدوران انڈیکس 46ہزار 17 پوائنٹس پر ٹریڈ کرتے دیکھا گیا۔
خیال رہے کہ سعودی حکومت نے گزشتہ روز نیشنل بینک آف پاکستان میں3 ارب ڈالر منتقل کیے تھے۔ جس کا مثبت اثر پاکستانی روپے پر پڑا،سعودی عرب کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا تھا کہ سعودی عرب، پاکستان کی معیشت کو ہمیشہ سہارا دیتا رہے گا۔
گزشتہ روز پاکستان کی روپے کی قدر میں اضافہ ہوا تھا اور انٹر بینک میں ڈالر2روپے57 پیسے سستا ہوا تھا۔ ڈالر کی قیمت 172 روپے70 پیسے پر آگئی تھی۔
تین سال قبل جب عمران خان نے وزارت عظمی کا حلف اٹھایا تو اس وقت ڈالر کی قیمت 123 روپے تھی اور گزشتہ روز ڈالر تاریخ کی بلند ترین سطح یعنی 175 روپے تک پہنچ گیا تھا۔
تین سال قبل ملک میں پیٹرول 95 روپے فی لیٹر میں فروخت کیا جا رہا تھا جب کہ آج پیٹرول کی قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہے۔ پیٹرول 137.79 روپے فی لیٹر فروخت کیا جا رہا ہے۔
اسی طرح 2018 میں سونے کی فی تولہ قیمت 60 ہزار روپے تھی جو تین سال میں بڑھتے بڑھتے تاریخ کی بلند ترین سطح یعنی 1 لاکھ20 ہزار سے بھی اوپر پہنچ چکی ہے