اندرون ملک پروازوں کی منسوخی پر سی اے اے نے سخت نوٹس لے لیا
اسلام آباد: اندرون ملک پروازوں کی منسوخی کے معاملے پر پاکستان کی سول ایوی ایشن اتھارٹی(سی اے اے) نے نوٹس لے لیا ہے۔
سی اے اے نے ہدایت کی ہے کہ پرواز کی منسوخی پرایئر لائن اپنی یا دوسری ایئرلائن پر مسافر کو منزل تک پہنچائے۔ مسافر مطلوبہ سہولت نہیں لینا چاہتا تو ائیرلائن کو ٹکٹ 100 فیصد واپس کرنا ہوگا۔
حکام نے کہا ہے کہ لوڈ کی کمی کے باعث پروازوں کی منسوخی کم سے کم کی جائے۔ پروازوں کی منسوخی کم نہ ہونے پر کارروائی کی جائے گی۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی نے کہا ہے کہ مسافروں کی کمی کی وجہ سے پروازیں منسوخ کی جاتی ہیں۔ پروازوں کی منسوخی سے مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ پروازوں کی منسوخی کے پیش نظر ائیرلائن مسافروں کی سہولت کے تحت اقدامات کرے۔
سی اے اے نے اندرون ملک پروازیں اچانک منسوخ کر کے بین الاقوامی پروازیں چلانے پر پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) اور 3 نجی ایئر لائنز کو نوٹس بھی جاری کیے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ یکم سے 18 اکتوبر تک مجموعی طور پر 1145 پروازوں میں سے 383 پروازیں منسوخ کی گئی ہیں۔
قومی ایئرلائن کی جانب سے 417 میں 130 شیڈول پروازیں منسوخ کی گئیں۔ سرین ایئرلائن نے 117، ایئر بلیو نے 86 اور ایئر سیال نے 50 پروازیں منسوخ کیں